کراچی سے روہڑی ٹرین سروس بحال ہونے میں مزید چند ہفتے لگیں گے، سعد رفیق
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کراچی اور روہڑی کے درمیان ٹرین سروس بحال کرنے میں مزید چند ہفتے لگیں گے جب کہ ٹریک کو کلیئر کرنے کے لیے سیلاب کے پانی کی نکاسی کا کام جاری ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ فوج، ریلوے حکام اور سندھ حکومت ملک میں ٹرین سروس کی بحالی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔
سکھر میں سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلوے نے گزشتہ دہائیوں کے دوران کئی بحرانوں کا سامنا کیا ہے لیکن سیلاب کی وجہ سے آنے والا موجودہ بحران اب تک کا بدترین بحران ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب نے سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں تباہی مچا دی ہے اور ٹرین آپریشن گزشتہ 20 روز سےتعطل کا شکار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعد رفیق نے ‘پروجیکٹ عمران کو لانچ کرنے کے مقاصد’ بتادیے
انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹرین آپریشن معطل کرنا پڑا کیونکہ ہم لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے۔
انہوں نے سیلابی پانی سے پٹریوں کو صاف کرنے کے لیے سخت محنت کرنے پرپاکستان ریلوے افسران اور عملے کی تعریف کی۔
انہوں نے بتایا کہ روہڑی اور پشاور کے درمیان ٹرین سروس بحال کر دی گئی ہے جب کہ بدین- دادو اور کوئٹہ -چمن سیکٹرز پر ٹریک کلیئر کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تفتان-کوئٹہ سیکٹر کے ٹریک کو جلد کلیئر کر دیا جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابقہ دور حکومت کے دوران اپنی وزارت کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان ریلوے 18 ارب روپے کا ریونیو حاصل کرنے میں کامیاب ہوا تھا اور اسے بڑھا کر 54 ارب روپے تک لے گیا تھا۔
مزید پڑھیں: عمران خان کے کسی قدم کے جواب میں فیصلہ ہوا تو ٹکا کر جواب دیا جائے گا، خواجہ سعد رفیق
وزیر ریلوے نے تسلیم کیا کہ حالیہ غیر معمولی بد ترین بارشوں اور سیلاب سے تباہ ہونے والے علاقوں اور بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کے لیے صوبائی حکومتیں وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر سخت محنت کر رہی ہیں، ملک کی تاریخ کے بد ترین سیلاب کے باعث مکانات، سڑکیں اور کھڑی فصلیں بہہ گئیں۔
سعد رفیق نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ افراد کی مدد کرنا ہر شہری کا فرض ہے جب کہ اس قدرتی آفت سے 3 کورڑ سے زائد شہری متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت جلد ہی سندھ اور بلوچستان کو امدادی سامان کے 2 ہزار ٹرک بھیجنے کا اعلان کرے گی۔
ملکی سیاست اور سیاسی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو غیر سنجیدہ شخص قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔
سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان اب تک تو امریکا کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے تھے جب کہ اب لگتا ہے کہ وہ اس کے سامنے جھک گئے ہیں۔