• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

سجل علی کی فلم ‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں پیش

شائع September 12, 2022
سجل علی کی فلم فیسٹیول میں شرکت پر شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی—فوٹو: انسٹاگرام/ شبانہ اعظمی
سجل علی کی فلم فیسٹیول میں شرکت پر شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی—فوٹو: انسٹاگرام/ شبانہ اعظمی

اداکارہ سجل علی کی پہلی عالمی فلم ‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ کو معروف عالمی فلم فیسٹیول ’ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ (ٹی آئی ایف ایف) میں پیش کردیا گیا۔

ٹورنٹو فلم فیسٹیول کا آغاز گزشتہ ہفتے 8 ستمبر کو ہوا تھا اور یہ فیسٹیول 18 ستمبر تک جاری رہے گا۔

ٹورنٹو فلم فیسٹیول کا شمار دنیا کے معروف اور قدیم ترین فلم فیسٹیولز میں ہوتا ہے، جس میں دنیا بھر کی فلمیں پیش کی جاتی ہیں۔

سجل علی کی فلم ‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ کا عالمی پریمیئر 11 ستمبر کو ہوا، جس میں فلم کی کاسٹ سمیت فلم کی دیگر ٹیم نے بھی شرکت کی۔

سجل علی بھی ٹورنٹو فلم فیسٹیول کا حصہ بنیں اور ان کی جانب سے فیسٹیول میں پیش ہونے کی تصاویر اور ویڈیوز مختلف شوبز شخصیات نے شیئر کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔

فلم فیسٹیول میں سجل علی کو بولی وڈ اداکارہ شبانہ اعظمی سمیت دیگر اداکاروں سے ملتے ہوئے دیکھا گیا اور ان کی فلم کا عالمی پریمیئر ٹورنٹو فلم میں ہونے پر پاکستان کی شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی۔

‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ کا پہلا ٹریلر بھی گزشتہ ہفتے ریلیز کیا گیا تھا، جس میں سجل علی کے کردار کی جھلک بھی دکھائی گئی تھی۔

ٹریلر میں سجل علی کو پاکستانی لڑکی کے طور پر دکھایا گیا ہے جب کہ شبانہ اعظمی کو ان کی والدہ کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ کو ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں پیش کرنے کا اعلان

ٹریلر میں گلوکار راحت فتح علی خان کی جھلک بھی دکھائی گئی جو کہ شہزاد لطیف اور سجل علی کی شادی کی تقریب میں پرفارمنس کرتے دکھائی دیں گے۔

فلم کی کہانی برطانوی لڑکی ‘زوئی’ (للی جیمز) اور پاکستانی نژاد برطانوی لڑکے (شہزاد لطیف) کے گرد گھومتی ہے جو نہ صرف پڑوسی ہوتے ہیں بلکہ بچپن کے دوست بھی ہوتے ہیں۔

جاری کیے گئے ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ شہزاد لطیف کے والدین ان کی شادی کروانا چاہتے ہیں اور وہ ڈیٹنگ ایپس سمیت رشتے کرانے والے افراد کے پاس بھی ان کے رشتے لے جاتے ہیں مگر انہیں ناکام ملتی ہے، جس کے بعد وہ ان کی شادی پاکستانی لڑکی (سجل علی) سے طے کرتے ہیں۔

ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ شہزاد لطیف کی شادی طے ہونے پر ان کی دوست زوئی بھی ان کے ہمراہ لندن سے لاہور آتی ہیں اور ان کی شادی کے تمام تقریبات اور مراحل کو شوٹ کرکے اس پر دستاویزی فلم بناتی ہیں، جس دوران انہیں ایسے سوالات کے جوابات بھی مل جاتے ہیں جن کی وہ کئی سال سے منتظر تھیں۔

یہ فلم سجل علی کی پہلی عالمی فلم ہوگی، اس سے قبل وہ پاکستانی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

فلم کی ہدایات بولی وڈ فلم ساز شیکھر کپور دے رہے ہیں، جنہوں نے اس سے قبل 2007 میں ریلیز ہونے والی بائیوگرافی فلم (ایلزبتھ: دی گولڈن ایج) کی ہدایات دی تھیں، جسے بہترین پروڈکشن کا آسکر ایوارڈ بھی ملا تھا۔

‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ (What’s Love Got To Do With It) کی کہانی جمائما گولڈ اسمتھ نے لکھی ہے اور اسے ‘اسٹوڈیو کینال’ نے پروڈیوس کیا ہے۔

فلم کو رواں برس کرسمس کے موقع پر عالمی سینماؤں میں پیش کیا جائے گا، ممکنہ طور پر اسے پہلے امریکا، کینیڈا، یورپی ممالک اور بھارت میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد اسے 2023 میں پاکستان اور برطانیہ میں ایک ساتھ ریلیز کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024