• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

میگا کاسٹ فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کو آئندہ برس ریلیز کرنے کا اعلان

شائع September 10, 2022
فلم کو اپریل 2023 میں ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو
فلم کو اپریل 2023 میں ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو

شائقین کا طویل انتظار ختم کرتے ہوئے فلم ساز فیصل قریشی نے اپنی آنے والی میگا کاسٹ اور میگا بجٹ فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کا ٹیزر اور پوسٹر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ سال ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

جہاں فلم ساز نے فلم کا ٹیزر اور پوسٹر جاری کیے ہیں، وہیں اس بات کی بھی تصدیق کردی گئی کہ اس کے ذریعے سابق کرکٹر وسیم اکرم بھی بڑے پردے پر اداکاری کا آغاز کریں گے۔

اگرچہ وسیم اکرم اشتہارات اور ٹی وی کے ریئلٹی شوز سمیت دیگر تفریحی پروگرامات میں دکھائی دیتے ہیں، تاہم پہلی بار وہ اداکاری بھی کرتے دکھائی دیں گے۔

اس کے ساتھ ہی ان کی اہلیہ شنیرا اکرم بھی پہلی بار کسی پاکستانی فلم میں کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

’منی بیک گارنٹی‘ کی کاسٹ میں جاوید شیخ، فواد خان، عائشہ عمر، فیصل قریشی، میکال ذوالفقار، جان ریمبو، حنا دلپذیر، گوہر رشید، علی سفینا، مانی، کرن ملک، عدنان جعفر، شفاعت علی، اقدس وسیم، مرحوم احمد بلال اور شایان خان سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

میگا کاسٹ فلم میں دیگر کئی اداکاروں کے بھی مختصر کردار ہونے کا امکان ہے، تاہم دیگر کون سے اداکار اس میں شامل ہوں گے، اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

’منی بیک گارنٹی‘ کے لکھاری و ہدایت فیصل قریشی سمیت وسیم اکرم اور دیگر اداکاروں نے اس کے پوسٹرز شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ فلم کو اپریل 2023 میں ریلیز کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں فلم کا مختصر ٹیزر بھی جاری کیا گیا، جس میں بیرون ملک میں پیسوں اور دولت کو ہتھیانے کے کھیل کو دکھایا گیا ہے،تاہم اس میں کسی بھی کردار کی کوئی جھلک نہیں دکھائی گئی، جس سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے۔

اگرچہ فلم کی ٹیم نے کہانی کی کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم فیصل قریشی مختلف مواقع پر عندیہ دے چکے ہیں کہ یہ مصالحہ اور انٹرٹینمنٹ فلم ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024