ویتنام کے بار میں آگ لگنے سے 32 افراد ہلاک
ویتنام کے جنوبی شہر تھوان آن کے بار میں آگ لگنے سے 32 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ویتنام کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ کروکی بار میں لگنے والی آگ نے عمارت کی دوسری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا جس کے بعد عمارت کے اندر بھر جانے والے دھویں نے بار میں موجود گاہکوں اور عملے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ ایمرجنسی کا دروازہ بھی بند ہوگیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا نے ویتنام سے کوئی سبق نہیں سیکھا، صدر مملکت
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق کئی لوگ شعلوں سے بچنے کے لیے بالکونی میں جمع ہو گئے، عمارت کے تمام راستے بند ہونے کی وجہ سے لوگوں نے مجبوراً بالکونی سے چھلانگ لگا دی۔
عوامی سیکیورٹی کی وزارت کے سرکاری ترجمان نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ بار میں آتشزدگی سے مرنے والوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے، جن میں 17 مرد اور 15 خواتین شامل ہیں۔
حکمران کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ عہدیدار مائی ہنگ ڈنگ نے اس سے قبل مرنے والوں کی تعداد 23 جبکہ زخمی افراد کی تعداد 11 بتائی تھی، ’اے ایف پی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے حکام نے بتایا کہ عمارت میں مزید متاثرین کی تلاش جاری ہے۔
مزید پڑھیں: افغانستان سے انخلا اور امریکا کی ویتنام جنگ میں ناکامی کا موازنہ
سرکاری میڈیا کے مطابق 8 افراد کی لاشیں بیت الخلا سے ملیں جبکہ آگ لگنے کی ابتدائی وجہ بجلی کا شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے۔
کروکی بار کے قریب رہنے والے شہری نگوین سانگ نے بتایا کہ جب آگ بجھانے والی گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچیں تو اس میں 40 افراد پھنسے ہوئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ مرکزی دروازے سے باہر بھاگے لیکن کئی افراد گرمی کی شدت برداشت نہ کرنے کی وجہ سے عمارت سے چھلانگ لگانے پر مجبور ہوگئے جس کے باعث ان کے ہاتھ اور پاؤں ٹوٹ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ویتنام کا موڈرنا اور فائزر-بائیواین ٹیک کووڈویکسین مکس کرنے کا منصوبہ
ویتنام کے سرکاری حکام کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے البتہ ریسکیو اہکار اندر پھنسے لوگوں کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سرکاری میڈیا کے مطابق امدادی کارکنوں نے آگ لگنے سے قبل رات کو بار کے 30 کمروں کی تلاشی لی تھی۔
اس سے قبل ویتنام کے شہر ہو چی من کے اپارٹمنٹ کمپلیکس میں 2018 میں لگنے والی آگ میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں: ویتنام نے دو سب سے بڑے شہروں میں بین الاقوامی پروازوں پر پابندی ختم کردی
قبل ازیں 2016 میں دارالحکومت ہنوئی میں کروکی میں آگ لگنے سے 13 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد ملک میں تمام بارز اور کلب میں آگ سے بچاؤ کے اقدامات کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔
ویتنام کے وزیراعظم فام من چِن نے ملک میں تمام بار بالخصوص کرواکی بار کے معائنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔