• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

امریکا کی تائیوان کو ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کا اسلحہ فروخت کی منظوری، چین برہم

شائع September 4, 2022
پینٹاگون نے اس پیکج کا اعلان تائیوان کے ارد گرد چین کی جارحانہ فوجی مشقوں کے تناظر میں کیا —فائل فوٹو: اے ایف پی
پینٹاگون نے اس پیکج کا اعلان تائیوان کے ارد گرد چین کی جارحانہ فوجی مشقوں کے تناظر میں کیا —فائل فوٹو: اے ایف پی

امریکی محکمہ خارجہ نے تائیوان کو ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کے فوجی سازوسامان کی ممکنہ فروخت کی منظوری دی ہے۔

ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اس سامان میں 60 اینٹی شپ میزائل اور 100 فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل شامل ہیں جس پر چین نے جوابی اقدامات کرنے کی دھمکی دی ہے۔

پینٹاگون نے اس پیکج کا اعلان تائیوان کے ارد گرد چین کی جارحانہ فوجی مشقوں کے تناظر میں کیا جو گزشتہ ماہ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورے کے بعد کی گئی تھیں، نینسی پلوسی برسوں میں تائی پے کا سفر کرنے والی اعلیٰ ترین امریکی عہدیدار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’بائیڈن آگ سے نہ کھیلیں’، تائیوان کے معاملے پر چین کی امریکا کو وارننگ

اسلحہ کی اس فروخت میں سائیڈ ونڈر میزائل شامل ہیں جن کو فضا سے فضا اور سطح پر حملہ کرنے کے مشن کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

پینٹاگون کی ڈیفنس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی (ڈی ایس سی اے) نے کہا کہ اس فروخت میں تقریباً 8 کروڑ 56 لاکھ ڈالر کے مالیت کا سائیڈ ونڈر میزائل شامل ہیں، جن کو ہوا سے فضا اور سطح پر حملہ کرنے کے مشن کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ تقریباً 35 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کا ہارپون اینٹی شپ میزائل اور تائیوان کے سرویلنس ریڈار پروگرام کے لیے 66 کروڑ 54 لاکھ ڈالر کی معاونت شامل ہے۔

مزید پڑھیں: چین کی تنبیہ کے باوجود امریکی اسپیکر نینسی پلوسی تائیوان پہنچ گئیں

اس ضمن میں واشنگٹن میں چینی سفارت خانے کے ترجمان لیو پینگیو نے ایک بیان میں کہا کہ ہتھیاروں کی ممکنہ فروخت 'چین ۔ امریکا تعلقات اور آبنائے تائیوان کے امن و استحکام کو شدید خطرات سے دوچار کر رہی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ چین موجودہ پیش رفت کی روشنی میں درست اور ضروری جوابی اقدامات اٹھائے گا۔

ادھر امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے کہا کہ یہ پیکج کچھ عرصے سے زیر غور ہے اور اسے تائیوان اور امریکی قانون سازوں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کے ساتھ متعدد معاملات پر تعاون ختم کر رہے ہیں، چینی وزارت خارجہ

وائٹ ہاؤس کی سینئر ڈائریکٹر برائے چین اور تائیوان لورا روزنبرگر نے ایک بیان میں کہا کہ جیسا کہ چین، تائیوان پر دباؤ بڑھا رہا ہے جس میں تائیوان کے ارد گرد فوجی فضائی اور سمندری موجودگی بھی شامل ہے اور آبنائے تائیوان میں جمود کو تبدیل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، امریکا تائیوان کو وہ چیزیں فراہم کر رہا ہے جس کی اسے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو برقرار رکھنے کے لیے ضرورت ہے۔

بائیڈن انتظامیہ نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے باوجود تائیوان کے لیے نئے سازوسامان کی منصوبہ بندی کر رہی تھی، لیکن یہ سامان نئی صلاحیتیوں کی پیشکش نہیں کرتا بلکہ تائیوان کے موجودہ فوجی نظام کو پائیدار بنائے گا اور موجودہ احکامات کو پورا کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024