• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بدین: تیز رفتار ٹرک نے سیلاب سے متاثرہ سوئے ہوئے 3 بہن بھائیوں کو کچل دیا

شائع September 2, 2022
پولیس نے ڈرائیور اور کلینر کو بھی گرفتار کرلیا ہے — فوٹو: اے ایف پی
پولیس نے ڈرائیور اور کلینر کو بھی گرفتار کرلیا ہے — فوٹو: اے ایف پی

صوبہ سندھ کے ضلع بدین میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث بے گھر ہونے والے 3 بہن بھائی تیز رفتار ٹرک کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔

بدین کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شاہنواز چاچڑ نے ڈان کو بتایا کہ سیلاب متاثرین گولارچی میں حاجی امیر شاہ نالے کے قریب سو رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سیہون: سیلاب متاثرین کی کشتی حادثے کا شکار، 12 افراد جاں بحق

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ’صبح ساڑھے چھ بجے کے قریب جب سیلاب متاثرین سو رہے تھے، تو سامان سے بھرا ٹرک اُن کے اوپر چڑھ گیا جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

ایس ایس پی کے مطابق مرنے والوں کی شناخت 18 سالہ عنایت، 12 سالہ وسیمہ اور 10 سالہ سیما کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، جائے حادثہ پر سیلاب متاثرین نے سڑک بلاک کی ہوئی تھی، اہلکاروں نے ٹرک کو قبضے میں لے کر ڈرائیور اور کلینر کو گرفتار کرلیا جبکہ واقعے کے خلاف تقریباً 40 افراد نے احتجاج جاری رکھا۔

گولارچی اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) اصغر ہالیپوٹو نے بتایا کہ ڈرائیور کی شناخت زین اللہ اور کلینر کی نور گل کے نام سے ہوئی ہے جبکہ گاڑی کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

مزید پڑھیں: جامشورو: دریائے سندھ میں کشتی الٹنے سے 4 افراد جاں بحق

ایس ایچ او نے ڈان کو بتایا کہ ٹرک کوئلے سے لدا ہوا تھا اور اسلام کوٹ کے علاقے سے آرہا تھا۔

عہدیدار نے بتایا کہ جاں بحق افراد کو پوسٹ مارٹم کے لیے انڈس ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

تیز بارشوں اور سیلاب سے صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور بدین سے 4 گھنٹے کی مسافت پر واقع دادو میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

.

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024