باجوڑ : ریموٹ کنٹرول دھماکے میں ایف سی اہلکار شہید
خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کا ایک سپاہی شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا کہ دونوں اہلکاروں کو سڑک کنارے نصب بم سے اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ یوسف آباد کے علاقے میں معمول کی گشت پر تھے۔
حکام نے مزید کہا کہ شہید فوجی کی شناخت لانس نائیک مجاہد شاہ کے نام سے ہوئی ہے، بعدازاں انہیں زخمیوں سمیت خار ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس افسر عبدالصمد خان نے کہا کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
شہید سپاہی کی نماز جنازہ باجوڑ اسکاؤٹس ہیڈ کوارٹر خار میں ادا کی گئی جس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں: بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ، 2 اہلکار شہید
یہ حملہ علاقے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر جمیعت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے 8 روزہ ’امن دھرنے‘ کے اختتام کے 3 روز بعد پیش آیا ہے۔
یہ دھرنا سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی، نوجوانوں اور تاجر تنظیموں کی حمایت سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے منتظمین کے ساتھ معاہدے پر دستخط کے بعد ختم ہوا۔