• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بلال اشرف اداکارہ مایا علی کے ہمراہ ٹی وی ڈیبیو کرنے کو تیار

شائع August 30, 2022
دونوں متعدد اشتہارات میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں متعدد اشتہارات میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

’سپر اسٹار، ایک ہے نگار، رنگریز اور یلغار‘ سمیت دیگر متعدد فلموں میں جوہر دکھانے والے اداکار بلال اشرف جلد ہی پہلی بار چھوٹی اسکرین پر دکھائی دیں گے۔

جی ہاں، اداکار جلد ہی اداکارہ مایا علی کے ہمراہ اپنے پہلے ڈرامے میں دکھائی دیں گے، جس کی شوٹنگ بھی شروع کردی گئی۔

بلال اشرف نے انسٹاگرام پر ڈرامے کی شوٹنگ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کے پہلے ڈرامے کی شوٹنگ شروع ہوچکی۔

ان کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں ڈرامے کا نام ’یوں ہی‘ پڑھا جا سکتا ہے۔

’یوں ہی‘ کی ہدایات احتشام الدین دے رہے ہیں جب کہ اسے مومنہ درید پروڈیوس کر رہی ہیں اور اسے ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔

ڈرامے میں مایا علی اور بلال اشرف اہم کردار میں دکھائی دیں گے اور دونوں پہلی بار چھوٹی اسکرین پر ایک ساتھ دکھائی دیں گے۔

اس سے قبل اگرچہ مایا علی فلموں سمیت ڈراموں میں بھی کام کر چکی ہیں، تاہم بلال اشرف پہلی بار چھوٹی اسکرین پر دکھائی دیں گے۔

بلال اشرف نے فلموں سے اداکاری کا آغاز کیا تھا اور گزشتہ برس وہ پہلی بار ٹیلی فلم ’ایک ہے نگار‘ میں ماہرہ خان کے ساتھ دکھائی دیے تھے جب کہ اس سے قبل وہ بڑے پردے کی فیچر فلموں میں دکھائی دیتے رہے ہیں۔

مایا علی اور بلال اشرف پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی کرکٹ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے برانڈ ایمبیسڈر بھی رہ چکےہیں جب کہ دونوں نے متعدد برانڈز کے لیے فوٹوشوٹ بھی کرا رکھے ہیں۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’یوں ہی‘ کی کہانی کس موضوع کے گرد گھومتی ہے اور اس میں بلال اشرف کا کیا کردار ہوگا، ممکنہ طور پر ڈرامے کی کہانی رومانوی ہوگی اور دونوں اداکاروں کو جوڑی کے طور پر دکھائے جانے کا امکان ہے۔

ڈرامے کی دیگر کاسٹ اور مزید معلومات سے متعلق فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا، تاہم خیال کیاجا رہا ہے کہ اس حوالے سے جلد مزید معلومات کا اعلان کردیا جائے گا۔

ممکنہ طور پر ’یوں ہی‘ کو رواں برس کے اختتام تک نشر کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024