• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

موسیقار و ڈپٹی کمشنر مہدی ملوف کی سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل

شائع August 29, 2022
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے زیادہ سے زیادہ عطیات جمع کرانے کی اپیل کی—فائل فوٹو: فیس بک
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے زیادہ سے زیادہ عطیات جمع کرانے کی اپیل کی—فائل فوٹو: فیس بک

موسیقار، گلوکار و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز مہدی ملوف نے مداحوں سے ضلع کے متاثرین کی بحالی اور مدد کے لیے اپیل کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کا ضلع سیلاب سے سخت متاثر ہوا ہے۔

مہدی ملوف معروف گلوکار ہیں جو لکس اسٹائل ایوارڈ کے لیے بھی نامزد ہوچکے ہیں جب کہ انہیں ان کی منفرد گلوکاری و موسیقی کی وجہ سے کافی شہرت حاصل ہے۔

موسیقی کے علاوہ وہ سرکاری ملازم بھی ہیں اور کچھ ہی عرصہ قبل انہیں صوبہ سندھ کے ضلع نوشہروفیروز میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔

حال ہی میں جہاں سندھ کے دیگر اضلاع میں سیلاب نے تباہی مچائی تھی، وہیں ان کے ضلع نوشہروفیروز میں بھی سیلاب سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے تھے اور صوبائی حکومت نے ان کے ضلع کو آفت زدہ قرار دے رکھا ہے۔

ضلع میں سیلاب سے بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کے لیے جہاں مہدی ملوف نے حکومتی اختیارات کا استعمال کیا، وہیں انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں کو بھی اپیل کی کہ وہ متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئیں۔

انہوں نے اپنی متعدد ٹوئٹس میں مداحوں سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کی بحالی کے لیے آگے آئیں اور دل کھول کر عطیات دیں، انہوں نے لوگوں سے ادویات فراہم کرنے کی اپیل بھی کی۔

مہدی ملوف نے اپنی ٹوئٹس میں کم عمر بچوں اور بالغ افراد کے لیے مطلوب ادویات کی فہرست بھی شیئر کی اور ساتھ ہی انہوں نے متاثرین کے لیے عالمی سطح پر رائج خوراک کے بیگز کی مدد کی بھی اپیل کی۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ عالمی سطح پر قدرتی آفتوں کے دوران متاثرین کو کھجور, دودھ، بسکٹ، خشک میوہ جات، ٹافیاں اور بھنے ہوئے چنے دیے جاتے ہیں اور سندھ کے سیلاب متاثرین کے لیے بھی ایسی ہی خوراک کی ضرورت ہے۔

علاوہ ازیں انہوں نے ایک ٹوئٹ میں ایسے رضاکاروں کی مدد بھی طلب کو ضلع میں موجود 33 ہزار متاثرین کو تینوں وقت کا کھانا بروقت پہنچائیں۔

ان کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مدد کے جذبے کو دیکھ کر مداحوں نے ان کی تعریفیں کیں اور دل کھول کر انہیں عطیات فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

ان سے قبل بھی متعدد شخصیات نے مداحوں اور عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ سیلاب متاثرین کے لیے دل کھول کر عطیات دیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024