محکمہ موسمیات کی آج سے کراچی سمیت ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے کئی حصوں میں موسلادھار بارشوں کے ایک اور اسپیل کی پیش گوئی کردی ہے تاہم رواں ہفتے کے آخر میں مون سوم سسٹم کی شدت میں کمی آسکتی ہے۔
ڈان اخبارمیں شائع رپورٹ کے مطابق ہوا کا شدید کم دباؤ ڈپریشن کی صورت میں بھارتی ریاست راجستھان میں موجودہے جو شمال مغرب کی جانب منتقل ہوا اور سندھ کے جانب بڑھ رہا ہے جس کے بعد صوبے میں ہلکی بارش کی پیش گوئی ہے، مضبوط موسمی نظام کی وجہ سے مون سون سسٹم ملک کے جنوبی اور بالائی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بارشوں کے پیش نظر سندھ بھر کے اسکول، کالجوں میں 24، 25 اگست کو تعطیل کا اعلان
موسمی نظام کے زیر اثر سندھ، جنوبی پنجاب، جنوبی اور شمال مشرقی بلوچستان میں 24 سے 26 اگست کے دوران وقفے وقفے سے مزید بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس دوران خیبرپختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 24 سے 26 اگست کو کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو جام، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیر آباد، دادو، نوشہرو فیروز، لاڑکانہ، جیکب آباد اور سکھر میں شدید بارشوں سے سیلاب آسکتا ہے۔
مزیدپڑھیں: بارشوں اور سیلاب سے ملک کے ہر صوبے میں تباہی
بیان میں کہا گیا کہ اس کے علاوہ قلعہ سیف اللہ، کوئٹہ، زیارت، ہرنائی، پشین، لورالائی، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، جھل مگسی، موسیٰ خیل، ژوب، شیرانی، سبی، نصیر آباد، بولان، آواران، قلات، خضدار، لسبیلہ اور پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا امکان ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان میں طوفان بھی آسکتا ہے۔
موسلا دھار بارش سے راولپنڈی اور اسلام آباد، بہاولپور، ملتان، لاہور اور گوجرانوالہ میں 24 اور 25 اگست کو سیلاب آسکتا ہے جبکہ 24 سے 26 اگست کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، دیر، کرک، لکی مروت، بنوں اور کشمیر کے نالوں میں سیلاب کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شدید بارشوں اور سیلاب سے تباہی کا سلسلہ جاری، مزید 6 افراد جاں بحق
بارش سے آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلیات، مری، چلاس، دیامیر، گلگت، ہنزہ، استور، غذر اور اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے مسافروں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔