• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شاہین آفریدی کے ایشیا کپ اسکواڈ سے باہر ہونے پر شاہد آفریدی کا دلچسپ تبصرہ

شائع August 22, 2022 اپ ڈیٹ August 23, 2022
سوال و جواب کے سیشن میں شاہد آفریدی نے کئی سوالات کے جوابات دیے — فائل فوٹوز: آئی سی سی/اے ایف پی
سوال و جواب کے سیشن میں شاہد آفریدی نے کئی سوالات کے جوابات دیے — فائل فوٹوز: آئی سی سی/اے ایف پی

ایشیا ٹی 20 کپ کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ سے شاہین شاہ آفریدی کے انجری کے سبب باہر ہونے پر اُن کے ہونے والے سسر اور مایہ ناز کرکٹر شاہد آفریدی نے دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔

گزشتہ روز شاہد آفریدی نے اپنی ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ اپنے مداحوں کو بہت یاد کر رہے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ان کے مداح بھی اسی قسم کے جذبات رکھتے ہوں گے، اس لیے وہ اگلے 15 منٹ کے لیے ان سے گفتگو کرنے کے لیے ٹوئٹر پر دستیاب ہوں گے۔

مداحوں کے ساتھ 15 منٹ کے سوال و جواب کے سیشن میں شاہد آفریدی نے کئی سوالات کے جوابات دیے۔

اسی دوران ایک ٹوئٹر صارف نے شاہد آفریدی سے درخواست کی کہ ’لالہ! شاہین تو انجرڈ ہیں، آپ ہی ریٹائرمنٹ واپس لے لیں‘۔

جواب میں شاہد آفریدی نے دلچسپ ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’میں نے شاہین آفریدی کو پہلے بھی منع کیا تھا کہ آپ فاسٹ باؤلر ہو، ڈائیو مت لینا، انجری ہوسکتی ہے لیکن مجھے بعد میں احساس ہوا کہ وہ بھی آفریدی ہی ہے‘۔

بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی سنچری اسکور کرنے میں مسلسل ناکامی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ’بڑے کھلاڑی کا مشکل وقت میں ہی پتا چلتا ہے‘۔

کرکٹ میں ویرات کوہلی کے مستقبل سے متعلق سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ ان کے اپنے ہاتھ میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم کو بڑا دھچکا، شاہین آفریدی ایشیا کپ سے باہر

شاہد آفریدی سے ان کے پسندیدہ ترین کھلاڑی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا نام لیا۔

بابر اعظم سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے بابر اعظم کو ’پاکستان کی بیٹنگ لائن کے لیے ریڑھ کی ہڈی‘ قرار دیا۔

سیاست میں آنے سے متعلق سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ان کا فی الحال ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

اس دوران ایک خاتون صارف نے شاہد آفریدی سے سوال کیا کہ کیا بطورخاتون انہیں محض کچن تک محدود رہنا چاہیے۔

خاتون صارف کے جواب میں شاہد آفریدی نے اس خیال کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’ہرگز نہیں‘۔

ایک صارف نے شاہد آفریدی سے سوال کیا کہ وہ ایشیا کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ سے مطمئن ہیں؟ جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ جب وہ کھیلنا شروع کریں گے تو ہمیں یہ معلوم ہو جائے گا۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ کیلئے شاہین کی جگہ حسنین پاکستان ٹیم میں شامل

واضح رہے کہ ایشیا کپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب قومی کرکٹ ٹیم کے اہم فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی انجری کے سبب ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور آزاد اسپیشلسٹ کے پینل نے شاہین شاہ آفریدی کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد انہیں 4 سے 6 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد شاہین ایشیا کپ ٹی20 سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں بھی قومی ٹیم کو ان کی خدمات میسر نہیں ہوں گی۔

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے امید ظاہر کی کہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے پہلے وہ فٹ ہوجائیں گے۔

خیال رہے کہ شاہین آفریدی، سری لنکا کے خلاف گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے دائیں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔

ان کے متبادل کے طور پر نوجوان فاسٹ باؤلر محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے، پی سی بی کے مطابق ایشیا کپ کے لیے پاکستانی ٹیم پیر کو روٹرڈیم سے دبئی پہنچے گی۔

واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی اور سابق کرکٹر شاہد خان آفریدی کی بیٹی اقصیٰ کی منگنی کی خبریں گزشتہ برس مارچ سے تھیں، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔

شاہد آفریدی نے مارچ 2021 میں اپنی ٹوئٹ میں تصدیق کی تھی کہ شاہین آفریدی کے خاندان نے ان کی بیٹی کا ہاتھ مانگا ہے اور ان کا خاندان بھی رشتے داری کے لیے راضی ہے، تاہم انہوں نے منگنی ہونے کی تصدیق نہیں کی تھی۔

تاہم گزشتہ ماہ شاہین آفریدی نے ایک انٹرویو میں تصدیق کی تھی کہ ان کی منگنی ہو چکی ہے اور وہ کچھ عرصے بعد شادی کا ارادہ بھی رکھتے ہیں مگر فی الحال ان کی توجہ کرکٹ پر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024