کوئٹہ: پی ٹی آئی کی خاتون مقامی رہنما نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق
کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مقامی خاتون رہنما جاں بحق ہو گئیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے نرگس مینگل پر شاہین بنگلوز کے قریب فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔
مزید پڑھیں: کراچی، تحریک انصاف سندھ کی نائب صدر زہرہ شاہد قتل
پولیس کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کی رات دیر گئے ان کے گھر کے قریب پیش آیا۔
ہسپتال حکام نے بتایا کہ نرگس مینگل کو متعدد گولیاں لگیں جس کی وجہ سے ان کی فوری موت واقع ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو سول ہسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق نرگس مینگل پی ٹی آئی کی مقامی رہنما تھیں اور گزشتہ سال ان کے تین بچوں کو ان کے گھر میں ذبح کر دیا گیا تھا، ان کی ایک بیٹی اس حملے میں بچ گئی، حملے کے وقت نرگس مینگل وہاں موجود نہیں تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں 3 کم سن بہن بھائیوں کا قتل
پولیس نے ایک وین ڈرائیور کو گرفتار کر لیا تھا جسے نرگس مینگل نے پک اینڈ ڈراپ سروس کے لیے رکھا تھا۔
ایک سینئر پولیس افسر نے کہا تھا کہ ہم نرگس مینگل کے شوہر کی تلاش کر رہے ہیں جو ان کے قتل میں ملوث ہو سکتا ہے کیونکہ ان کے قتل کے بعد شوہر لاپتا ہے۔