• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

تیسرے ون ڈے میں بھی فتح: پاکستان کا نیدرلینڈز کےخلاف کلین سوئپ

شائع August 21, 2022
کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کے کپتان ایڈورڈ اسکاٹ کو فیلڈنگ کی دعوت دی — فوٹو: پی سی بی/ٹوئٹر
کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کے کپتان ایڈورڈ اسکاٹ کو فیلڈنگ کی دعوت دی — فوٹو: پی سی بی/ٹوئٹر

پاکستان نے نیدرلینڈز کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 9 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-3 سے جیت لی۔

روٹرڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 33 رنز دے کر پہلی بار 5 وکٹیں حاصل کیں، جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدر لینڈز کا آغاز اچھا نہ تھا اور ابتدائی 3 وکٹیں صرف 37 رنز پر گر گئی تھیں۔

تاہم نیدرلینڈز کی جانب سے ٹام کوپر کے 62 اور وکرم جیت سنگھ کے 50 رنز کی وجہ سے میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا تھا۔

میزبان ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے آخری اوور میں 14 رنز کی ضرورت تھی اور ایک وکٹ باقی تھی تاہم محمد وسیم نے پہلی گیند پر چوکا کھانے کے بعد دوسری گیند پر آریان دت کو آؤٹ کردیا۔

قبل ازیں، نیدر لینڈز کے خلاف ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 206 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک بار پھر ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے 125 گیندوں پر 91 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم نے سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے پہلے میچ میں 74 رنز، دوسرے میچ میں 57 رنز جبکہ تیسرے اور آخری میچ میں 91 رنز بنائے تاہم وہ سیریز میں سنچری اسکور نہ کر سکے۔

مزید پڑھیں: نیدرلینڈز کا 314 رنز کے تعاقب میں بھرپور جواب، پاکستان صرف 16 رنز سے کامیاب

قبل ازیں پاکستان ٹیم کا آغاز بھی اچھا نہ رہا اور دوسرے اوور میں عبداللہ شفیق 2 رنز بنا سکے، انہیں کنگما نے بولڈ کیا۔

فخر زمان بھی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور 26 کے انفرادی اسکور پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہیں وین بیک نے بولڈ کیا۔

جب فخر زمان آؤٹ ہوئے اس وقت پاکستان ٹیم نے 17.2 اوورز میں 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 58 رنز بنائے تھے۔

پاکستان ٹیم نے سست رفتاری سے کھیلتے ہوئے 25 اوورز میں 2 وکٹیں کھو کر صرف 85 رنز بنائے تھے، اس وقت کریز پر بابر اعظم اور سلمان علی آغا موجود تھے۔

تاہم سلمان علی آغا بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، وہ 42 گیندوں پر 24 رنز بنا کر وین بیک کی باؤلنگ پر شیراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔

خوشدل شاہ 122 کے مجموعی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے محمد حارث 4 رنز بنا کر ڈی لیڈ کی گیند پر کوپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

جب ٹیم کا مجموعی اسکور 42.4 اوورز میں 168 پر پہنچا تو بابر اعظم بھی اچھی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔

گزشتہ میچ کے بہترین کھلاڑی آل راؤنڈر محمد نواز 35 گیندوں پر 27 رنز بنا سکے، انہیں بھی ڈی لیڈ نے آؤٹ کیا۔

پاکستان کی آٹھویں وکٹ 192 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد وسیم 11 رنز بنا کر ڈی لیڈ کی گیند پر ایڈورڈز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی زاہد محمود تھے جو 9 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی آخری وکٹ 206 رنز پر گری، نسیم شاہ 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے شکست، پاکستان کی سیریز میں فیصلہ کن برتری

آخری ون ڈے میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کے کپتان ایڈورڈ اسکاٹ کو فیلڈنگ کی دعوت دی تھی۔

تیسرے ون ڈے میچ میں آج پاکستان کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق نے ڈیبیو کیا جنہیں امام الحق کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، جو طبیعت ناساز ہونے کے سبب آج کا میچ نہیں کھیل سکے۔

اس سے قبل 18 اگست کو پاکستان نے نیدرلینڈز کو دوسرے ون ڈے میں باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی تھی۔

سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے فخر زمان کی سنچری کی بدولت میزبان ٹیم کو 16 رنز سے شکست دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024