• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

بطور وزیر خارجہ بلاول بھٹو پہلے دورۂ یورپ پر کل روانہ ہوں گے

شائع August 21, 2022
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ 4 ممالک پاکستان کے یورپ کے ساتھ تعلقات کے لیے اہم ہیں—فائل فوٹو : ڈان نیوز
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ 4 ممالک پاکستان کے یورپ کے ساتھ تعلقات کے لیے اہم ہیں—فائل فوٹو : ڈان نیوز

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 22 سے 26 اگست تک یورپ میں اپنے پہلے دورے کے دوران یورپی ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعاون اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں 4 ممالک کا دورہ کریں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 5 روزہ دورے کے دوران وزیر خارجہ جرمنی، ڈنمارک، سوئیڈن اور ناروے کا دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار کے مطابق ان ممالک کے ساتھ تعلقات کے سیاسی پہلو کے علاوہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات وزیر خارجہ کے دورے کے ایجنڈے کا ’اہم مرکز‘ ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ 4 ممالک پاکستان کے یورپ کے ساتھ تعلقات کے لیے اہم ہیں کیونکہ ان ممالک میں پاکستانی تارکین وطن بڑی تعدادمیں موجود ہیں اور پاکستان میں ان کی سرمایہ کاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرخارجہ بلاول کی ترک ہم منصب سے پہلی ملاقات، معاشی تعلقات مضبوط کرنے کا عزم

دورے کے دوران وزیر خارجہ اپنے ہم منصبوں اور دیگر اعلیٰ عہدے داروں کے ساتھ بات چیت میں ان ممالک میں پاکستانیوں کے لیے مواقعوں کی فراہمی اور دو طرفہ اقتصادی روابط کو مزید گہرا کرنے پر زور دیں گے۔

پاکستان اور جرمنی کے درمیان سیاسی اور عسکری سطح پر کئی اعلیٰ سطحی ملاقاتیں ہوچکی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات کو کتنی اہمیت دے رہے ہیں، مزید برآں جرمن کمپنیوں نے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’پاکستان کے جرمنی، ڈنمارک، سویڈن اور ناروے کے ساتھ دیرینہ اور کثیر جہتی تعلقات ہیں، یہ ممالک ایک بڑی پاکستانی کمیونٹی کا گھر ہیں اور پاکستانی طلبہ کے لیے یہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے ترجیحی منزلیں ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان ممالک کے پاکستان کے ساتھ اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کےسلسلے میں تعلقات بھی ہیں، وزیر خارجہ کے دوروں سے ان ممالک کے ساتھ پاکستان کی کثیر جہتی روابط کو مزید تقویت ملے گی۔

مزید پڑھیں: بطور وزیر خارجہ بلاول پہلے دورۂ امریکا میں اچھا تاثر قائم کرنے میں کامیاب

ترجمان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے دورے کو یورپی شراکت داروں کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے اور یورپ کے ساتھ عمومی روابط کو مضبوط کرنے کے اہم موقع کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

وزیر خارجہ ڈنمارک کے ساتھ ’گرین فریم ورک انگیجمنٹ‘ کے معاہدے پر بھی دستخط کریں گے جس میں موسمیاتی تبدیلی کے تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ اس دورے کے دوران علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کے نقطہ نظر سے بھی آگاہ کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024