• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

دراز کی 20 روپے میں ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی فروخت پر وضاحت

شائع August 19, 2022
فلم ساز نے دراز کے قبل کارروائی کا اعلان کیا تھا—اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام
فلم ساز نے دراز کے قبل کارروائی کا اعلان کیا تھا—اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام

آن لائن ریٹیلر اسٹور ’دراز‘ نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی محض 20 روپے میں اپنی ویب سائٹ پر فروخت کے معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کی فروخت غیر قانونی طور پر کی جا رہی تھی۔

دراز نے فلم ساز نبیل قریشی کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ پلیٹ فارم پر ایک سیلر (دکاندار) نے ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی کاپی کو غیر قانونی طور پر فروخت کے لیے پیش کیا تھا۔

آن لائن اسٹور کے مطابق معاملے کا علم ہونے پر انتظامیہ نے ’قائد اعظم زندہ باد‘ کو فروخت ہونے والی اشیا کی فہرست سے خارج کردیا۔

ساتھ ہی واضح کیا کہ دراز اس طرح کے غیر قانونی کاموں اور ضوابط کی خلاف ورزیوں کو سپورٹ نہیں کرتا۔

دراز نے اس وقت مذکورہ معاملے پر وضاحت کی جب کہ ’قائد اعظم زندہ باد‘ کے فلم ساز نبیل قریشی نے اپنی ٹوئٹ میں آن لائن اسٹور کی ویب سائٹ کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اس پر تنقید کی۔

فلم ساز نے لکھا کہ ان کی فلم جو ابھی تک سینما ہالز میں دکھائی جا رہی ہے، اس کی چوری شدہ کاپی کو غیر قانونی طور پر دراز پر محض 20 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اس عمل کو غلط قرار دیتے ہوئے دھمکی دی کہ ان کی فلم پروڈکشن ٹیم دراز کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی۔

نبیل قریشی کے بعد فلم کی پروڈیوسرز فضا علی میرزا نے بھی اپنی فلم کی دراز پر محض 20 روپے میں فروخت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے لاکھوں روپے لگا کر فلم بنائی، جس کی چوری شدہ کاپی غیر قانونی طور پر اتنے سستے دام فروخت کی جا رہی ہے؟

فلم ساز نے اس عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے دراز کی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں بھی لیا۔

ان کی طرح ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی اداکارہ ماہرہ خان نے بھی اس پر برہمی کا اظہار کیا جب کہ عام صارفین نے بھی فلم کی غیر قانونی فروخت پر اظہار افسوس کیا۔

تاہم ساتھ ہی بعض صارفین نے فلم کی ٹیم کو بتایا کہ دراز سے قبل ہی ان کی فلم متعدد ویب سائٹس پر اپ لوڈ کردی گئی تھی۔

صارفین کے مطابق ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی کاپی کو مختلف ویب سائٹس پر اپ لوڈ کیا جا چکا ہے، جسے لوگ مفت میں دیکھ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ’قائد اعظم زندہ باد‘ کو عید الاضحیٰ پر ریلیز کیا گیا تھا، جس میں فہد مصطفیٰ نے سندھ پولیس کے افسر گلاب کا کردار ادا کیا تھا جب کہ ماہرہ خان پہلی بار ان کے ساتھ بطور ہیروئن دکھائی دی تھیں۔

فلم نے گزشتہ ایک ماہ میں 50 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے اور اسے کورونا کے بعد سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024