• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

اجتماعی کوششیں بروئے کار لا کر ملک سے پولیو کا خاتمہ کریں گے، وزیراعظم

شائع August 19, 2022
وزیراعظم نے پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا — تصویر: ڈان نیوز
وزیراعظم نے پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا — تصویر: ڈان نیوز

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی حکومت کی جانب سے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وفاق اور صوبے مل کر پولیو کا خاتمہ کریں گے اور بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔

سرکاری خبر رساں ادارے 'اے پی پی' کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ پولیو خطرناک مرض ہے جو بچوں کو معذوری میں مبتلا کر سکتا ہے، اس لیے تمام والدین اپنے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں اور قوم کے نونہالان کا مستقبل محفوظ بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے، پاکستان میں بھی یہ مرض دم توڑ چکا تھا لیکن بدقسمتی سے بعض علاقوں میں پولیو کے کیسز دوبارہ سامنے آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افسوسناک ہے کہ ہم اب تک پولیو کو ختم نہیں کرسکے، شہباز شریف

وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاق اور صوبے مل کر پولیو کا خاتمہ کریں گے اور اجتماعی بصیرت اور قوت کو بروئے کار لاتے ہوئے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔

انہوں نے پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا جو پاکستان کے طول و عرض میں ہر طرح کے حالات اور دشوار گزار علاقوں میں تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے بچوں کو گھر گھر جاکر پولیو کے قطرے پلا رہے ہیں

ساتھ ہی فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کی قربانی دینے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم اجتماعی کوششوں کو بروئے کار لاکر اللہ کے فضل و کرم سے اس مرض کا خاتمہ کریں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان بھر میں آج سے ہفت روزہ پولیو مہم کا آغاز

اس موقع پر وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے خیبر پختونخوا کے چھ اضلاع بنوں، لکی مروت، شمالی اور جنوبی وزیرستان، ڈیرہ اسمٰعیل خان، ٹانک کے ساتھ ساتھ کراچی اور حیدر آباد میں انسداد پولیو مہم شروع کی گئی تھی۔

22 اگست سے پنجاب کے 36 اضلاع میں پولیو سے بچاؤ کی ویکسی نیشن مہم شروع کی جائے گی۔

اس مہم کے دوران 85 ہزار 193 پولیو ٹیمیں اور 2 لاکھ ورکرز 22 لاکھ بچوں کو اس معذور کر دینے والی بیماری سے تحفظ کے قطرے پلائیں گے۔

سب سے زیادہ خطرے والے 3 اضلاع لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں یہ مہم 28 اگست تک جاری رہے گی جبکہ بقیہ 33 اضلاع میں 26 اگست کو اختتام پذیر ہوجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نوزائیدہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا کیوں ضروری ہیں؟

یہاں یہ بات مدِنظر رہے کہ رواں برس پاکستان میں اب تک 14 بچے اس موذی مرض کا شکار ہو چکے ہیں اور سب سے زیادہ متاثر شمالی وزیرستان کا علاقہ ہے جہاں سے 13 کیسز پورٹ ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 2019 میں 147 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد سے پولیو کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی دیکھی گئی تھی، اس سے اگلے سال یہ تعداد کم ہو کر 84 رہ گئی اور 2021 میں صرف ایک رہ گئی تھی، لیکن رواں برس ایک مرتبہ پھر کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

پانچ سال کی عمر تک بچے کو پولیو لاحق ہونے کا خطرہ برقرار رہتا ہے، اسی خطرے کے پیش نظر ہر انسداد پولیو مہم کے دوران تمام بچوں کو قطرے ضرور پلانے چاہئیں، ہر وہ بچہ جسے انسداد پولیو ویکسین کے قطرے نہیں پلائے گئے وہ اس مہلک وائرس کی افزائش اور پھیلاؤ کی وجہ بن سکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024