• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نواز شریف ستمبر میں آرہے ہیں، انہیں جیل نہیں جانے دیں گے، جاوید لطیف

شائع August 15, 2022
جاوید لطیف نے کہا ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی، ثاقب نثار کی ہدایت پر سزا سنائی گئی — فوٹو: ڈان نیوز
جاوید لطیف نے کہا ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی، ثاقب نثار کی ہدایت پر سزا سنائی گئی — فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف ستمبر میں پاکستان واپس آرہے ہیں، وہ جیل سے نہیں ڈرتے لیکن ایک چیز ذہن میں رکھیں ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، ثاقب نثار کی ہدایت پر ہمیں سزا سنائی گئی، اس لیے ہم نواز شریف کو جیل نہیں جانے دیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ قائد ملت لیاقت علی خان کو گولی لگی، آج تک قاتل کا کچھ معلوم نہیں ہوسکا، جنرل ایوب خان پاکستان کے اقتدار پر قابض ہوئے اور مادر ملت فاطمہ جناح کو کرپٹ، غدار قرار دیا گیا، ان کے خلاف الیکشن میں دھاندلی کی گئی، پاکستان بنانے والوں کو غدار کہا گیا اور اس وقت بھی ایک طبقہ ایوب خان کو سچا جانتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے بعد ایک رنگیلے جنرل آئے، جنرل یحییٰ جو حسین شہید سہروردی اور شیخ مجیب کو غدار کہتے رہے اور پاکستان ٹوٹنے کا موجب بنے لیکن غدار حسین شہید کو قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جماعتوں کو اداروں سے مفاہمت کرکے چلائیں گے تو عوام کا ردعمل یہی ہوگا، جاوید لطیف

جاوید لطیف نے کہا کہ اسی طرح آج الیکشن کمیشن کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد بھی ایک طبقہ اس کو ماننے کے لیے تیار نہیں ہے جبکہ یہ ثابت ہوچکا کہ عمران خان نے غیر ملکی کمپنیوں اور دنیا کی بااثر شخصیات سے فنڈنگ وصول کی۔

'عمران خان نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا'

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ثاقب نثار جیسے شخص نے صادق و امین ہونے کا سرٹیفکیٹ دیا جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے کردار کے حوالے سے پاکستان کی باہر کی ایک عدالت سے سامنے آنے والے فیصلے کو ایک طبقہ ماننے کو تیار ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خود مانتے ہیں کہ انہوں نے ہسپتال کے لیے ملنے والے چندے کے پیسوں سے سٹہ کھیلا، اگر وہ پیسہ ہسپتال کو ملا تھا تو ان پیسوں کو پارٹی اکاؤنٹس میں کیوں جمع کرایا، اگر فنڈز پارٹی کو ملے تھے تو پھر بتائیں کہ اس فنڈنگ کا مقصد کیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا اور جب آج ڈالر کی قدر میں کمی ہونا شروع ہوئی ہے، آپ پھر دھرنا دینے کی دھمکی دے رہے ہیں، پھر کہہ رہے ہیں کہ جلسے، جلوس کریں گے، 2017 میں پاکستان کی ترقی کرتی معیشت کو تباہ کرنے میں عمران خان کے ساتھ ثاقب نثار بھی ملزم ہے۔

'کچھ لوگ آج بھی عمران خان کی ڈوریاں ہلا رہے ہیں'

انہوں نے کہا کہ آج بھی شوکت صدیقی، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت عالمی ادارے ہماری عدالتوں کے بارے میں کیا کہہ رہے ہیں، ہم عدلیہ کا احترام کرنے والوں میں شامل ہیں، ہم پر الزام لگایا جاتا ہے کہ ہم نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا، اگر کچھ بغیر اجازت کے عدالت میں داخل ہوئے، توڑ پھوڑ کی تو ایف آئی آرز درج کی گئیں جبکہ اسی طرح سے گزشتہ دنوں لوگ عدالت میں داخل ہوئے تو کہا گیا کہ یہ جذبات کا اظہار ہے۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کی واپسی کے متعلق جاوید لطیف کا دعویٰ مسترد کردیا

ان کا کہنا تھا کہ شہباز گل نے شہدا کے متعلق جو باتیں کیں، اس پر مقدمہ درج ہوا لیکن صرف دو روز کا جسمانی ریمانڈ دیا گیا جبکہ جب میں نے ایک افسر کی دھمکی کی بات کی اور کہا کہ ہم اس چیز کو نہیں مانتے تو غداری کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا اور 14 روزہ ریمانڈ دیا گیا، میں جیل جانے پر شرمندہ نہیں ہوں، اگر پاکستان کی آزادی کے مقصد کے حصول کے لیے مجھے بار بار بھی جیل جانا پڑا تو جاؤں گا۔

جاوید لطیف نے کہا کہ آج بھی جو کچھ ہو رہا ہے، سب کچھ سامنے آنے کے بعد بھی آج بھی نواز شریف کو نکال کر اس کو لانے والے کچھ نہیں سیکھیں گے، کچھ لوگ آج بھی اس کی ڈوریاں ہلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا جرم یہی ہے کہ اس نے سی پیک دیا، اس نے پاکستان کے اندھیرے دور کیے، اس نے پاکستان کی معیشت کو سنبھالا دیا، دہشت گردی کا خاتمہ کیا اور آنے والی نسلوں کو خوشحالی کا درس دیا، اس کو نظریہ ضرورت کے تحت تاحیات نااہل کردیا گیا۔

'ایک طبقہ تباہی کا سبب بننے والے عمران خان کو مسیحا سمجھتا ہے'

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کا پہیہ روکنے کے لیے 2017 میں سازش کی گئی، عمران خان اور ثاقب نثار جیسے لوگ اس کے کردار تھے، جوڈیشل کو کا آغاز جسٹس منیر کے ساتھ شروع ہوا جبکہ ثاقب نثار کے دور میں یہ انتہا کو پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف اس سال وطن واپس آکر چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بنیں گے، جاوید لطیف

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان جس آزادی انقلابی مارچ کا ذکر کرتے ہیں، بتائیں کہ اس کا روڈ میپ کیا ہے، کیا یہ انقلاب اس طرح آئے گا کہ تم اقتدار میں آؤ تو قرضے بھی بڑھ جائیں، کرپشن، بے روزگاری اور مہنگائی بھی بڑھ جائے، کچھ لوگ ایوب خان، پاکستان ٹوٹنے کے موجب یحییٰ خان، پرویز مشرف اور تمام تباہی کا سبب بننے والے عمران خان کو بھی مسیحا سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آزادی اور انقلاب اس چیز کا نام ہے کہ عمران خان کو دوبارہ اقتدار دے دیا جائے تو یہ ہمیں قبول نہیں ہے، اگر اس کا مطلب یہ ہے کہ عمران خان کا 62، 63 کے حوالے سے ٹرائل نہ ہو، توشہ خانہ ریفرنس فائل نہ ہو، اس کا فیصلہ نہ ہو تو یہ قوم کو قبول نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اگر ماضی میں درجنوں اراکین اسمبلی صرف اس وجہ سے نااہل قرار دیے جاسکتے ہیں کہ معمولی مالیت کے اثاثے ظاہر نہیں کیے تو جس نے کروڑوں روپے ظاہر نہیں کیے، اس کے خلاف فیصلہ آئے تو کہا جاتا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر مخالف ہے، اس لیے یہ فیصلہ آیا ہے۔

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان آرٹیکل 62، 63 کے تحت صادق اور امین نہیں رہے، اس لیے اب اگر کال کوٹھری نہیں تو کم از کم روشنی والی کوٹھری میں جانے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔

مزید پڑھیں: جاوید لطیف شریف بھائیوں کے درمیان ناراضی کی وجہ

انہوں نے کہا کہ اب یہ نہیں ہو سکتا کہ چند لوگوں کی حمایت سے قانون کی گرفت سے بچا جائے، اگر عمران خان کو آج چند لوگوں کی حمایت حاصل نہ ہو تو وہ بنی گالا نہیں بلکہ پشاور میں جاکر اپنی صوبائی حکومت کی پناہ لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ ستمبر میں نواز شریف آرہے ہیں اور مجھے اور نواز شریف کو ایک جیسا کرنے کے بعد کہا جائے گا کہ الیکشن لڑو۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان اور نواز شریف کا کوئی موازنہ نہیں بنتا، نواز شریف کو بیٹے سے 10 ہزار تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نااہل کیا گیا جبکہ اربوں روپے کھانے والے کو ہاتھ نہ لگایا جائے تو اب یہ نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف، ستمبر میں قوم کی نمائندگی کے لیے پاکستان آرہے ہیں، نواز شریف کے بغیر ہونے والے انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں کہا جاسکتا کہ ایک جماعت کے سربراہ کے ہاتھ پاؤں باندھ کر دوسرے کی سہولت کاری کریں، یہ ممکن نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جاوید لطیف نے ریاست مخالف تقریر کا مقدمہ چیلنج کردیا

ان کا کہنا تھا کہ اگر ادارے آزاد ہیں تو وہ فیصلے جو پہلے کیے گئے جیسے پاکستان بنانے والوں کو غدار قرار دیا گیا، پاکستان کے اندھیرے دور کرنے والے کو ہائی جیکر بنا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ہائی جیکر بنا کر سزا دی گئی، پوری دنیا نے بعد میں مانا کہ ہائی جیکنگ کا الزام غلط تھا۔

'نواز شریف جیل سے ڈرنے والے نہیں'

جاوید لطیف نے کہا ہم کہتے ہیں کہ عدلیہ بغیر کسی دباؤ کے فیصلے اور انصاف کرے، شوکت عزیز صدیقی اور فائز عیسیٰ کی آواز کو سنیں، ہمیں امید ہے کہ ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے گا، ہمیں امید ہے کہ ماضی سے سبق سیکھا جائے گا، جس بھنور میں پاکستان پھنسا ہوا ہے اس میں تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنا ضروری ہے تاکہ ملک آگے بڑھ سکے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے مقبول ترین رہنما نواز شریف کو بغیر ثبوت کے نااہل کیا گیا تو کرپٹ، ڈاکو اور نااہل کو ملک پر مسلط رکھنا یہ اب ممکن نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جاوید لطیف کو اپنے بیان پر معافی مانگنی چاہیے، شاہد خاقان عباسی

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جیل سے ڈرنے والے نہیں ہیں، نواز شریف کو جب سزا سنائی گئی تو وہ بیرون ملک سے واپس آکر جیل چلے گئے تھے، نواز شریف جیل سے نہیں ڈرتے لیکن ایک چیز ذہن میں رکھیں کہ ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، کیونکہ ثاقب نثار کی ہدایت پر ہمیں سزا سنائی گئی تھی، نواز شریف کو جیل نہیں جانے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی ادارے کے ساتھ دوستی یا دشمنی نہیں رکھنا چاہتے، ہم چاہتے ہیں کہ تمام ادارے آئین و قانون کے مطابق کام کریں، سیاسی جماعتیں بھی ایک ادارہ ہیں، وہ بھی کسی دوسرے ادارے سے مدد نہ مانگیں، وہ بھی جگہ جگہ یہ رونا نہ روئیں کہ مجھے دوبارہ نوکری پر رکھ لو، تمام ادارے اور افراد آئین کے مطابق چلیں گے تو ہی ملک مسائل سے نکل سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ طاقت وار افراد آئین و قانون کو اپنے ذاتی مقاصد کے لیے توڑتے ہیں اور اس کے لیے مختلف ادوار میں عمران خان جیسے لوگ اپنا کردار ادا کرتے آئے ہیں اور آج بھی ادا کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024