• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیر اعلیٰ کا پنجاب میں گریجویشن تک مفت تعلیم کا اعلان

شائع August 15, 2022
انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ یوم آزادی مناتے ہوئے شہدا کشمیر کو نہ بھولی— فوٹو:ڈان نیوز
انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ یوم آزادی مناتے ہوئے شہدا کشمیر کو نہ بھولی— فوٹو:ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے صوبے کے سرکاری تعلیمی اداروں میں گریجویشن تک مفت تعلیم کا اعلان کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے شاہی قلعہ میں یوم آزادی کی تقریب میں قومی پرچم لہرانے کے بعد پرویز الٰہی نے کہا کہ انہوں نے بطور وزیر اعلیٰ اپنے گزشتہ دور میں میٹرک تک تعلیم مفت کرائی تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مسلح افواج اور پولیس کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنے ملک کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پرویز الہٰی کی تقریبِ حلف برداری کی مختصر کوریج

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی تعریف کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے ریمارکس دیے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آرمی چیف کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر مذہب کے لوگ رہتے ہیں اور اقلیتوں نے پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جن کا احترام کرنا ہمارا فرض ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم نے علیحدہ وطن کے لیے سخت ترین مخالفت کا سامنا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو خوشحال بنانے کے لیے سب کو لگن اور تندہی سے کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ یوم آزادی مناتے ہوئے شہدا کشمیر کو نہ بھولیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب کا ویڈیو لنک پر رابطہ، سیاسی، انتظامی امور پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ نے تقریب میں شرکت کرنے والے خصوصی بچوں کے لیے 3 لاکھ روپے، اسکاؤٹس کے لیے 2 لاکھ اور پولیس بینڈ کے لیے ایک لاکھ روپے کے نقد انعامات کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے علامہ اقبال کے مزار پر بھی حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر تقریب میں امریکا، چین، ترکی اور ایران کے قونصل جنرلز، صوبائی وزرا، بیوروکریٹس اور دیگر مہمان بھی موجود تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024