• KHI: Fajr 5:32am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am
  • ISB: Fajr 5:17am Sunrise 6:44am
  • KHI: Fajr 5:32am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am
  • ISB: Fajr 5:17am Sunrise 6:44am

عمران خان نے قومی اسمبلی کے مزید 7 حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے

شائع August 14, 2022
جے یو آئی (ف) کے مولانا محمد قاسم نے بھی عمران خان سے مقابلے کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے--پی ٹی آئی ٹوئٹر/فائل
جے یو آئی (ف) کے مولانا محمد قاسم نے بھی عمران خان سے مقابلے کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے--پی ٹی آئی ٹوئٹر/فائل

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )عمران خان نے 25 ستمبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کی 9 میں سے مزید 7 نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے، اس سے پہلے انہوں نے دو نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ ہفتہ 13 اگست تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو عمران خان نے این اے 22 مردان اور این اے 24 چارسدہ جب کہ ہفتہ کو ان کے نمائندوں نے این اے 31 پشاور، این اے 45 خرم، این اے 108 فیصل آباد، 118 ننکانہ صاحب ،کراچی کے حلقہ این اے 237، این اے 239 اور این اے 246 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان نے قومی اسمبلی کے مزید 7 حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے

قومی اسمبلی کی 9 نشستیں پاکستان تحریک انصاف کے 11 ارکان اسمبلی کے استعفوں کے بعد خالی ہوئی تھیں، جن میں دو مخصوص نشستوں بھی شامل ہیں، تمام ارکان کی استعفے قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے منظور کیے تھے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے انہیں ڈی نوٹیفائی کر دیا تھا۔

این اے 31 پشاور 5 کے لیے عمران خان کی جانب سے سابق ایم این اے شوکت علی نے عمران خان کی جانب سے کاغذات جمع کرائے، ساتھ ہی انہوں نے بطور امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرائے۔

اس سے قبل اے این پی کے سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور نے بھی اس حلقے سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

علاوہ ازیں اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے اپنے آبائی حلقے این اے 24 چارسدہ سے ضمنی الیکشن لڑنے کے لیے کاغذات جمع کرایے۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات: مردان، چارسدہ سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع

این اے- 22 مردان کے لیے جے یو آئی (ف) کے مولانا محمد قاسم نے بھی عمران خان سے مقابلے کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، انہیں تمام پی ڈی ایم جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔

الیکشن کمیشن کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق خیبر پخونخوا میں 4 جنرل نشستوں اور خواتین کی ایک مخصوص نشست کے لیے 48 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

دوسری جانب کراچی میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں کی جانب سے شہر کی قومی اسمبلی کی 3 نشستوں کے لیے عمران خان کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔

سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے این اے 246، فردوس شمیم نقوی نے این اے 239 کورنگی اور پارٹی کے کراچی چیپٹر کے صدر بلال غفار نے این اے 237 ملیر سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا تمام 9 حلقوں سے خود ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ

پنجاب کی دو نشستوں کے لیے پی ٹی آئی چیئرمین اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

این اے 108 فیصل آباد کے لیے 12 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے جن میں عمران خان ، فرخ حبیب اور ارسلان ارشد، 2018 میں شکست کھانے والے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عابد شیر علی اور ان کے والد چوہدری شیر علی شامل ہیں۔

این اے 118 ننکانہ صاحب سے عمران خان کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کی شیذرہ منصب علی ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہی ہیں، ساتھ ہی تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی )کے افضل شاہ نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی امیدواروں کی ابتدائی فہرست 14 اگست کو جاری کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 19 نومبر 2024
کارٹون : 18 نومبر 2024