• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بی جے پی تاریخ کی یکطرفہ تشریح کرکے عوامی جذبات سے کھیلنے کی کوشش کر رہی ہے، دفترخارجہ

شائع August 13, 2022
ترجمان دفترخارجہ نے بھارتی اقدامات کی مذمت کی--فوٹو: اے پی پی
ترجمان دفترخارجہ نے بھارتی اقدامات کی مذمت کی--فوٹو: اے پی پی

دفترخارجہ نے بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے 14 اگست کو 'تقسیم کی ہولناک یادگار کا دن' کے طور پر منانے کے اقدام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ کے یک طرفہ تشریح سے عوام کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے بریفنگ میں بتایا کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ جیسے جیسے بھارت اور پاکستان کے عوام یوم آزادی کی تقریبات کے قریب پہنچ رہے ہیں، بی جے پی حکومت نے 14 اگست کو 'تقسیم کی ہولناک یادگار کے دن' کے طور پر منانے کے اپنے شر انگیز اقدام سے اپنا اصل چہرہ دکھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس اقدام کی سختی سے مذمت کرتے ہیں جو نفرت، غلط معلومات اور فرقہ پرستی کی قابل مذمت پالیسی کی عکاسی کرتا ہے اور یہ آج بی جے پی کی زیرقیادت بھارت کی پہچان بن چکی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بی جے پی اپنے سیاسی ایجنڈے کے لیے عوام کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فخر کے ساتھ اپنی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی شان دار طریقے سے منائے گا، پاکستان بھر اور بیرون ملک یوم آزادی پاکستان کے اس اہم موقعے کو مختلف سرگرمیوں کے ساتھ منانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں تیاریاں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر خاص طور پر ہمارے قومی ترانے کی نئی ریکارڈنگ کی ریلیز بھی شامل ہے اور وزارت خارجہ بھی 14 اگست کو وزارت کے افسروں کی طرف سے خصوصی طور پر ریلیز ہونے والے گانے 'پاکستان ایٹ 75' کے ذریعے خراج تحسین پیش کرے گی۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ جیسا کہ پورا ملک سفید اور سبز رنگوں میں سجا ہوا ہے، دنیا بھر میں پاکستانی مشنز بھی پرچم کشائی کی شان دار تقریبات، سفارتی استقبالیے، فنون لطیفہ سے لے کر دیگر تقریبات منعقد کریں گے، جہاں پاکستانی تارکین وطن بھی شریک ہوگے۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپوز، کھیلوں کی تقریبات، جشن کی شامیں، میوزیکل نائٹس، تجارتی نمائشوں کے علاوہ مضبوط اور متحد ڈیجیٹل مہمات ڈائمنڈ جوبلی کی ان تقریبات کا حصہ ہوں گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024