لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی نے بطور چیئرمین واپڈا چارج سنبھال لیا
پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے نئے تعینات ہونے والے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
اس حوالے سے جاری بیان کے مطابق لیفٹننٹ جنرل(ر) سجاد غنی نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور وہ واپڈا کے 23 ویں چیئرمین بن گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: نوید اصغر کو چیئرمین واپڈا مقرر کرنے کا فیصلہ، سمری وزیر اعظم کو ارسال
لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی کی مہارت کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ پروفیشنل انجینئر ہیں اور گزشتہ 4 دہائیوں سے دو مساوی کیریئر جاری رکھے ہوئے ہیں۔
چیئرمیں واپڈا نے بیچلر آف انجینئرنگ کی ڈگری ملیٹری انجینئرنگ کالج سے 1984 میں حاصل کیا، جس کے بعد 1990 میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور سے سول انجینئرنگ میں ماسٹرز کی ڈگری لی۔
انہوں نے پاک فوج میں انجینئرنگ کور کے کمانڈدر اور کوارٹرماسٹر جنرل پاکستان آرمی کے طور پر فرائض انجام دیں جہاں ان کی زیرسرپرستی کئی میگا تعمیراتی پروجیکٹس مکمل ہوئے۔
لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی نے 1978 میں پاک فوج کی انجینئرنگ کور میں کمیشن حاصل کی اور انفینٹری بریگیڈ اور سوات آپریشن کے دوران انفینٹری ڈویژن کی کمانڈ کی۔
انہوں نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں وائس چیف آف جنرل اسٹاف اور کور کمانڈر کراچی کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں۔
یاد رہے کہ سابق چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے 7 مئی 2022 کو عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، انہوں نے پانچ سال چیئرمین واپڈا کے عہدے پر خدمات انجام دی تھیں۔
لفٹیننٹ جنرل(ر) مزمل حسین کو 24 اگست 2016 کو اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے ظفر محمود کی جگہ چیئرمین واپڈا تعینات کیا تھا۔
مزمل حسین کا کنٹریکٹ گزشتہ سال 24 اگست کو ختم ہوگیا تھا لیکن پی ٹی آئی کی زیر قیادت وفاقی حکومت نے انہیں مزید پانچ سال کی توسیع دے دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: کالا باغ ڈیم کے حامی واپڈا کے چیئرمین مستعفی
سابق چیئرمین واپڈا نے استعفے میں کہا تھا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پچھلے 5 سالوں میں کچھ شاندار سنگ میل حاصل کیے ہیں، جس میں کئی ہائیڈرو پاور پروجیکٹس شامل ہیں جو پہلے پیچیدگیوں اور تاخیر کا شکار تھے۔
ان منصوبوں میں نیلم جہلم، کچھی کینال، تربیلا چوتھی توسیع اور گولن گول شامل ہیں۔
مزمل حسین نے بتایا تھا کہ 2 کھرب 60 ارب روپے سے زائد کی لاگت کے 10 سے زائد منصوبوں پر کام جاری ہے۔