• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سندھ ہائی کورٹ کا اے آر وائے نیوز بحال کرنے کا حکم

شائع August 11, 2022
عدالت نے  پیمرا کو چینل کا لائسنس معطل یا منسوخ کرنے سے 17 اگست تک روک دیا—فائل فوٹو: وکیمیڈیا کامنز
عدالت نے پیمرا کو چینل کا لائسنس معطل یا منسوخ کرنے سے 17 اگست تک روک دیا—فائل فوٹو: وکیمیڈیا کامنز

سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور کیبل آپریٹرز کو اے آر وائے نیوز کی نشریات فوری طور پر بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے پیمرا کی جانب سے نیوز چینل کو جاری کیے گئے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کی مدت میں 15 اگست تک کی توسیع کردی۔

ساتھ ہی عدالت نے چینل کے وکیل کی جانب سے عدالت کو اس بات کی یقین دہانی کے بعد کہ پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو مزید عدالتی احکامات تک چینل پر پیش ہونے کی اجازت نہیں ہوگی پیمرا کو چینل کا لائسنس معطل یا منسوخ کرنے سے 17 اگست تک روک دیا۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز گل کا متنازع بیان، سلمان اقبال اور اینکرپرسنز کے خلاف مقدمہ درج

تاہم جسٹس ذوالفقار احمد خان کی سربراہی میں سنگل جج بینچ نے کہا کہ شوکاز نوٹس کا مناسب جواب جمع کرانے پر پیمرا چینل کی گزارشات پر غور کرنے کے لیے آزاد ہوگا اور مدعی کو اس بات کو یقینی بنانے کا منصفانہ موقع دیا جائے گا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے لیکن 17 اگست تک کوئی حتمی حکم جاری نہیں کیا جائے گا۔

وکیل نے مزید کہا کہ مدعی ان افراد کے حوالے سے انتہائی احتیاط برتیں گے جو اس طرح کے الفاظ کہنے یا کسی مؤقف کا اظہار کرنے کا رجحان رکھتے ہیں اور مستقبل میں اسی طرح کے شوکاز نوٹس کے اجرا کی بنیاد بن سکتے ہیں۔

بینچ نے یہ ہدایات نیوز چینل کی انتظامیہ کی جانب سے 8 اگست کو پیمرا کی جانب سے جاری کردہ شوکاز نوٹس کو مسترد کرتے ہوئے دائر مقدمے کی ابتدائی سماعت کے دوران جاری کیں۔

مزید پڑھیں: پیمرا کا کیبل گیٹ پر ‘جھوٹی خبر’ نشر کرنے پر اے آر وائی کو شوکاز نوٹس

پیمرا کے وکیل نے کہا کہ اتھارٹی نے چینل پر پابندی کا کوئی حکم جاری نہیں کیا اور نہ ہی کسی کیبل آپریٹر کو چینل کو کیبل سے ہٹانے کا کوئی حکم جاری کیا۔

عدالت نے درخواست پر پیمرا اور دیگر مدعا علیہان کے ساتھ ساتھ ڈپٹی اٹارنی جنرل کو بھی 17 اگست کے لیے نوٹس جاری کردیے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024