• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ڈیرہ اسمٰعیل خان: سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک

شائع August 10, 2022
سیکیورٹی فورسز نے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا—فائل/فوٹو: اے ایف پی
سیکیورٹی فورسز نے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا—فائل/فوٹو: اے ایف پی

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کولاچی کے قریب سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کولاچی کے قریب سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر خودکش حملہ، 4 جوان شہید

بیان میں کہا گیا کہ 10 اگست کو مذکورہ علاقے میں پولیس کی گاڑی کے قریب بارودی مواد کا دھماکا ہوا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی کوئیک رسپانس فورس فوری طور پر علاقے میں پہنچی اور گھیرے میں لے لیا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس کے نتیجے میں دہشت گردوں کےساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران دو دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ وہاں سے ہلاک دہشت گردوں کے زیرقبضہ اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔

پاک فوج نے بتایا کہ مذکورہ علاقے کے شہریوں نے کارروائی کرنے پر فوج کے اقدام کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

اس سے قبل 9 اگست کو شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے علاقے میں فوجی قافلے پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 4 فوجی شہید ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، ایک جوان شہید

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ شہید فوجیوں کی شناخت مانسہرہ کے رہائشی 22 سالہ لانس نائیک شاہ زیب، غذر سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ لانس نائیک سجاد، کوہاٹ کے رہائشی 25 سالہ سپاہی عمیر اور نارووال کے رہائشی 30 سالہ سپاہی خرم کے نام سے ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ 4 جولائی کو میران شاہ میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک سپاہی شہید ہوگیا تھا۔

قبائلی ضلعے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور مشتبہ دہشت گردوں کے درمیان حالیہ مہینوں میں جھڑپیں معمول بن چکی ہیں۔

اس سے قبل 23 جولائی کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر دو مخلتف کارروائیاں کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک اور 4 کو گرفتار کر لیا تھا۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پہلے آپریشن میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر کو تین مسلح ساتھیوں سمیت زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ دوسرے آپریشن میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز کو بھی برآمد کیا گیا ہے، ہلاک اور گرفتار تمام دہشت گردوں کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد ہلاک

خیال رہے کہ 13 جولائی کو خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک اہلکار بھی شہید ہوا تھا۔

3 جولائی کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں 2 علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں 4 دہشت گرد ہلاک کردیے تھے جبکہ پاک افغان سرحد کے قریب ضلع خیبر میں ہونے والے حملے میں 3 فوجی جوان زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024