• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کراچی: عاشورہ کیلئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے گئی

شائع August 7, 2022 اپ ڈیٹ August 8, 2022
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

ڈپٹی کمشنر جنوبی تبریز صادق مری نے کہا ہے کہ عاشورہ کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی کمشنر جنوبی تبریز صادق مری کی سربراہی میں 9 اور 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے راستوں، گزرگاہوں سمیت تمام انتظامی امور کی نگرانی اور ہسپتالوں کے حوالے سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ جلوسوں کے نگرانی و دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے فائنل پلان بھی مرتب کر لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: سندھ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

پریس ریلیز کے مطابق ڈپٹی کمشنر جنوبی سمیت تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ضلع جنوبی انتظامیہ کے تمام افسران محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کی خود نگرانی کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے/ ایمرجنسی کے صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈپٹی کمشنر جنوبی تبریز صادق مری کی سربراہی میں ایمرجنسی پلان بھی مرتب کیا گیا ہے۔

ضلع انتظامیہ جنوبی کی جانب سے جلوسوں کے تمام راستوں کی ‘سی سی ٹی وی’ کے ذریعے نگرانی کرنے کے لیے 2 کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پولیس، رینجرز سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن، صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، کے الیکٹرک سمیت تمام متعلقہ ادارے انتظامیہ سے مکمل رابطے میں ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنے اردگرد نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک اور غیر معمولی صورت حال میں پولیس مددگار 15 یا 20502723-021, 99205628 یا پھر 03302969218 کنٹرول روم کے نمبرز پر فوری اطلاع دیں۔

مزید پڑھیں: محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، عاشورہ 9 اگست کو ہوگا

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ انتظامیہ جنوبی کی جانب سے محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں کی صفائی ستھرائی، لائٹیں، سیکیورٹی اور سیوریج کے کاموں کو پہلے ہی مکمل کر لیا گیا ہے۔

گزشتہ روز سندھ حکومت نے 7 سے 9 اگست تک جلوسوں اور مجالس کے دوران میڈیا چینلز کی ویڈیو ریکارڈنگ کے لیے ہیلی کیم یا ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی۔

حکومت نے متعلقہ اسٹیشن ہاؤس افسران (ایس ایچ اوز) کو پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف شکایات درج کرنے کا اختیار بھی دے دیا۔

محکمہ داخلہ سندھ نے 5 اگست کو امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے صوبے بھر میں 6 سے 12 محرم الحرام تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق کرمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ 144 کے تحت یہ پابندی لگائی گئی ہے۔

حکومت سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ سندھ میں دفعہ 144 کے تحت 6 سے 12 محرم الحرام تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024