اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری
فلسطین اور اسرئیل کے مسلح گروپوں کے درمیان جمعہ سے شروع ہونے والی کشیدگی آج بھی جاری ہے جبکہ اسرائیل کی طرف سے غزہ پر متعدد فضائی حملوں کے نتیجے میں صرف 2 روز کے اندر زیر قبضہ علاقے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 29 ہوگئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ جمعہ کو شروع ہونے والی جھڑپوں اور کشیدگی سے اب تک غزہ میں 253 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
غزہ میں گزشتہ سال کی جنگ کے بعد بدترین تشدد جاری ہے جس نے تقریباً 23 لاکھ فلسطینیوں کے غریب علاقے تباہ جبکہ لاتعداد اسرائیلیوں کو راکٹ حملوں سے پناہ لینے پر مجبور کردیا ہے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ 'اسلامک جہاد' کے خلاف قبل از وقت آپریشن شروع کرنا ضروری تھا کیونکہ یہ تنظیم غزہ کے ساتھ سرحد پر کئی دنوں سے جاری کشیدگی کے بعد حملے کی منصوبہ بندی کرنے میں مصروف تھی۔