• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

شائقین فاطمہ جناح کے کردار کے لیے سجل علی کے انتخاب سے ناخوش

شائع August 6, 2022
فاطمہ جناح کا کردار تین مختلف اداکارائیں ادا کریں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام / فیس بک
فاطمہ جناح کا کردار تین مختلف اداکارائیں ادا کریں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام / فیس بک

حال ہی میں خبر سامنے آئی تھی کہ اداکارہ سجل علی جلد ہی ریلیز ہونے والی سیریز میں ’مادر ملت‘ فاطمہ جناح علی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، تاہم زیادہ تر شائقین کا خیال ہے کہ وہ مذکورہ کردار کے لیے درست اداکارہ نہیں۔

دانیال کے افضال کی لکھی ہوئی کہانی اور ان کی ہی جانب سے ہدایت کردہ سیریز میں سجل علی کے علاوہ مزید دو اداکارائیں بھی فاطمہ جناح کا کردار ادا کریں گی اور مذکورہ سیریز کی کہانی مادر ملت کے گرد ہی گھومے گی۔

مذکورہ سیریز کو تین سیزن میں بنایا جائے گا، جس کے پہلے سیزن کی پہلی قسط کو 14 اگست کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سجل علی ’مادر ملت‘ فاطمہ جناح بننے کو تیار

سجل علی مذکورہ سیریز میں فاطمہ جناح کے تحریک آزادی اور قیام پاکستان کے دور کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، یعنی وہ 50 سالہ مادر ملت بنیں گی۔

سجل علی ڈرامے میں پچاس سالہ فاطمہ جناح کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
سجل علی ڈرامے میں پچاس سالہ فاطمہ جناح کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

لیکن مذکورہ خبر سامنے آنے کے بعد ڈراما شائقین نے فاطمہ جناح کے کردار کے لیے سجل علی کے انتخاب کو غلط قرار دیتے ہوئے تجویز دی کہ اس کے لیے صبا قمر یا صنم سعید کو کاسٹ کیا جانا چاہیے تھا۔

سوشل میڈیا پیجز پر شائقین نے سجل علی کو منتخب کیے جانے پر غیر پسندیدگی کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ نہ تو فاطمہ جناح کی طرح دراز قد ہیں اور نہ ہی ان کے چہرے کے خدوخال ان جیسے دکھائی دیتے ہیں۔

لوگوں نے کہا کہ سجل علی ایک بہترین اداکارہ ہیں، تاہم وہ فاطمہ جناح کے کردار کے لیے مناسب پسند نہیں۔

زیادہ تر لوگ سجل علی کے انتخاب پر ناخوش دکھائی دیے—اسکرین شاٹ
زیادہ تر لوگ سجل علی کے انتخاب پر ناخوش دکھائی دیے—اسکرین شاٹ

شائقین نے تجاویز دیں کہ فاطمہ جناح کے کردار کے لیے ڈرامے کی ٹیم کو دراز اداکاراؤں کو کاسٹ کیا جانا چاہیے تھا۔

کچھ لوگوں نے یہ مشورے بھی دیے کہ فاطمہ جناح کے کردار کے لیے صبا قمر یا صنم سعید جیسی دراز قد اداکارا کا انتخاب درست ہوسکتا تھا۔

اسی طرح کچھ لوگوں نے مہوش حیات کو بھی دراز قد کی وجہ سے فاطمہ جناح کے کردار کے لیے موزوں انتخاب قرار دیا۔

شائقین کی تنقید کے بعد تاحال سجل علی یا پھر ڈرامے کی ٹیم نے کوئی وضاحت نہیں کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024