ایشیا کپ کرکٹ: پاک-بھارت ٹاکرا 28 اگست کو دبئی میں ہوگا
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2022 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کا بڑا مقابلہ 28 اگست کو دبئی میں ہوگا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ کرکٹ معطل ہے، یہ ٹیمیں صرف عالمی سطح پر ہونے والے ٹورنامنٹس میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتی ہیں۔
ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ افغانستان سے 27 اگست کو ہوگا، جس کے ایک دن بعد ٹورنامنٹ کے بڑے میچ میں بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ سری لنکا سے متحدہ عرب امارات منتقل
9 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ سری لنکا میں معاشی اور سیاسی بحران کے سبب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کردیا گیا تھا تاہم اس کی میزبانی سری لنکا کے پاس برقرار رہے گی۔
پاکستان نے گزشتہ سال دبئی میں ٹی20 ورلڈ کپ میچ میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری بھی ہیں، انہوں نے ٹوئٹ میں بتایا کہ دبئی میں فائنل سمیت 10میچ کھیلے جائیں گے، ایشیا کپ کا فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے 3 میچ شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔