• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر کا ایشیا کا دورہ شروع

شائع July 31, 2022
کانگریس کا وفد بھی نینسی پلوسی کے ساتھ انڈو پیسفیک خطے کے دورے میں شامل ہے — فوٹو: رائٹرز
کانگریس کا وفد بھی نینسی پلوسی کے ساتھ انڈو پیسفیک خطے کے دورے میں شامل ہے — فوٹو: رائٹرز

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے ایشیا کے چار ممالک کا دورہ شروع کردیا ہے جبکہ تائیوان کا ذکر کیے بغیر وہ شدید قیاس آرائیوں کے دوران چین کی طرف سے دعویٰ کردہ خود مختار جزیرے کا دورہ کر سکتی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق کانگریس کا وفد بھی نینسی پلوسی کے ساتھ انڈو پیسفیک خطے کے دورے میں شامل ہے جس میں وہ سنگاپور، ملائشیا، جنوبی کوریا اور جاپان کا دورہ کریں گے۔

مزید پڑھیں: امریکی ایوان نمائندگان میں ایغور کے حوالے سے چین کے خلاف بل کی منظوری

ایوان نمائندگان کی اسپیکر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق نینسی پلوسی خطے کے اِن تمام ممالک کا دورہ کریں گی مگر اس بات کا خلاصہ نہیں کیا گیا کہ صدارتی جانشینی کی صف میں تیسرے نمبر پر موجود نینسی پلوسی دیگر ممالک کا بھی دورہ کریں گی یا نہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دورے کا مقصد انڈو پیسفک خطے میں باہمی سیکیورٹی معاملات، معاشی شراکت داری اور جمہوری گورننس پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

اس وفد میں ایوان کی خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ گریگوری میکس بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب چین، امریکی اعلیٰ قیادت کی طرف سے تائیوان کے اس دورے کو متنازع جزیرے کی آزادی کے خیال کو فروغ دینے کے لیے ایک اشارے کے طور پر دیکھ رہا ہے۔

واشنگٹن کے تائیوان کے ساتھ حکومتی سطح پر کوئی سفارتی تعلقات نہیں ہیں مگر تائیوان کے لیے طے شدہ قوانین امریکا کو اس بات کا پابند کرتے ہیں کہ جزیرے کو اپنے دفاع کے لیے مدد فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی ایوان نمائندگان میں ٹرمپ کے مواخذے کا بل پیش، 'بغاوت کیلئے اکسانے' کا الزام

نینسی پلوسی کا تائیوان کا دورہ ڈرامائی ہے جس کو امریکا، تائیوان کی مدد کے طور پر پیش کر رہا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ امریکا کی ریپبلکن جماعت کے نیوٹ گنگرچ 1997 میں تائیوان کا دورہ کرنے والے ایوان کے آخری اسپیکر تھے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے امریکی ہم منصب صدر جو بائیڈن کو خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن کو ’ون چائنا‘ اصولوں پر قائم رہنا چاہیے اور اگر کسی نے آگ کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی تو وہ تباہ ہوجائے گا۔

جو بائیڈن نے چینی صدر شی جن پنگ کو کہا ہے کہ تائیوان پر امریکی پالیسی میں تبدیلی نہیں ہوئی اور واشنگٹن، اسٹیٹس کو کو تبدیل کرنے یا تائیوان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی یکطرفہ کوششوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔

امریکی اور چینی صدور کے درمیان گفتگو کے بعد تائیوان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ تائیوان، سیکیورٹی شراکت داری کو مزید مضبوط اور گہرا بنانا جاری رکھے گا۔

چینی فضائیہ کے ترجمان شین جنکے کی بات کا حوالہ دیتے ہوئے چینی سرکاری میڈیا میں کہا گیا کہ بیجنگ قومی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حفاظت کرے گا۔

مسلح افواج کی فضائی تقریب میں چینی ایئر فور کے ترجمان نے تائیوان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فضائیہ کے پاس کئی قسم کے لڑاکا طیارے ہیں جو ہماری دھرتی کے خوبصورت جزیرے کے گرد چکر لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکی ایوان نمائندگان نے مسلمانوں پر پابندیوں کے خلاف ایکٹ منظور کرلیا

انہوں نے کہا کہ چین کی فضائیہ قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پختہ ارادہ، مکمل اعتماد اور صلاحیت کی حامل ہے۔

جمعہ کے روز چین کے ٹوئٹر نما سوشل میڈیا ایپلی کیشن پر پیپلز لبریشن آرمی یونٹ نے ایک تبصرہ جاری کیا کہ ’جنگ کے لیے تیار ہو جاؤ‘ جس کو 18 لاکھ سے زائد افراد نے سراہا۔

بحیرہ جنوبی چین

جیسے ہی امریکی طیارہ بردار بحری جہاز 'یو ایس ایس رونلڈ ریگن' اور اس کا اسٹرائیک گروپ جمعرات تک بحیرہ جنوبی چین میں واپس آیا تو چینی فوج نے آس پاس کے علاقوں میں اپنی مشقیں تیز کردیں۔

مقامی حکام کے مطابق ہفتے کے روز چینی فوج نے تائیوان سے 100 کلومیٹر دور فوجیان صوبے کے پانی میں براہ راست فائرنگ کی مشقیں کیں۔

میری ٹائم سیفٹی ایڈمنسٹریشن کے ایک اور نوٹس کے مطابق چینی کوسٹ گارڈز کی طرف سے گوانگژو صوبے کے قریب بحیرہ جنوبی چین میں ایک مزید مشق کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: تصاویر: ٹرمپ کے حامیوں کا ایوانِ نمائندگان پر دھاوا

چین کے معروف تبصرہ نگار ہو شن جن نے اتوار کو کہا کہ انہوں نے ہفتے کو روز ٹوئٹر پر فوجی جوابی کارروائی کا انتباہی ٹوئٹ اس وقت ہٹا دیا جب ان کے اس ٹوئٹ پر کہ 'کیا امریکا لڑاکا طیاروں کو دورہ تائیوان پر نینسی پلوسی کی حفاظت کرنی چاہیے'، ٹوئٹر انتظامیہ نے انکا اکاؤنٹ بند کردیا تھا۔

وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ امریکا کو تائیوان کے خلاف چینی مسلح افواج کی بڑھتی سرگرمیوں کے ثبوت نظر نہیں آئے۔

بدھ کے روز امریکی صدر جو بائیڈن نے نمائندگان سے کہا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ امریکی مسلح افواج کا یہ خیال ہے کہ اس وقت ایوان نمائندگان کی اسپیکر کا دورہ تائیوان درست خیال نہیں ہے۔

نینسی پلوسی کا ایشیائی دورہ چینی اور امریکی رہنماؤں کے لیے سیاسی طور پر حساس وقت میں ہوا ہے۔

توقع کی جارہی ہے کہ شی جن پنگ اس سال کے آخر میں کانگریس میں تیسری مدت کے لیے منتخب ہو کر مثال قائم کریں گے، جبکہ امریکا میں جو بائیڈن کی ڈیموکریٹک پارٹی کو نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں امریکی ایوانِ نمائندگان کا کنٹرول برقرار رکھنے کے لیے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024