• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am

درآمدات پر پابندی کاروبار کو متاثر کررہی ہے، امریکی سفیر

شائع July 28, 2022
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی وزیر تجارت نوید قمر سے ملاقات—تصویر: پی آئی ڈی
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی وزیر تجارت نوید قمر سے ملاقات—تصویر: پی آئی ڈی

پاکستان میں امریکا کے نئے سفیر ڈونلڈ بلوم نے حکومت کی جانب سے لگژری اشیا کی درآمد پر عائد پابندی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کاروباری برادری کے مفادات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر تجارت نوید قمر سے ملاقات میں امریکی سفیر نے درآمدی پابندی کے باعث کاروباری اداروں کو درپیش مشکلات کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

نوید قمر نے انہیں یقین دلایا کہ پابندی عارضی نوعیت کی ہے اور کچھ شپمنٹس کو پہلے ہی ایک خاص حد تک ریلیف دیا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت لگژری اشیا کی درآمد پر عائد پابندی اٹھانے کے لیے تیار

امریکی سفیر کو یقین دلایا گیا کہ وزارت تجارت کاروبار بشمول امریکا کے تاجروں کو درپیش کسی بھی مسئلے کے حل کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے۔

انہیں بتایا گیا کہ وزارت تجارت پہلے ہی اس سلسلے میں پابندی واپس لینے کی سمری کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کو پیش کر چکی ہے جسے اس کے آخری اجلاس میں مؤخر کر دیا گیا تھا۔

ملاقات کے حوالے سے ایک سرکاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر تجارت نے امریکی سفیر سے جی ایس پی اسکیم کی جلد از جلد بحالی کی بھی درخواست کی جو پاکستانی برآمد کنندگان کو مارکیٹ تک رسائی فراہم کرے گی۔

نوید قمر نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دہائیوں پر محیط تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور افغانستان میں انسانی بحران کو روکنے میں پاکستان کے کردار اور خطے کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اس کی جانب سے کی گئی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔

مزید پڑھیں: درآمدات پر پابندی میں ممکنہ توسیع کے حوالے سے حکومت ابہام کا شکار

امریکی سفیر نے پاکستان سے امریکا کو برآمدات میں نمایاں اضافے کو سراہا اور تجارت اور سرمایہ کاری، ڈیجیٹل خدمات، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، توانائی اور آب و ہوا کے شعبوں میں گہرے اور وسیع تر دوطرفہ تعلقات کی امید کا اظہار کیا۔

دونوں اطراف نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے کے امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024