• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ جامشورو سے گرفتار

شائع July 27, 2022
حلیم عادل شیخ اینٹی کرپشن جامشورو میں دائر مقدمے کے حوالے سے پیش ہوئے تھے — فائل فوٹو: فیس بک
حلیم عادل شیخ اینٹی کرپشن جامشورو میں دائر مقدمے کے حوالے سے پیش ہوئے تھے — فائل فوٹو: فیس بک

سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو اینٹی کرپشن جامشورو نے گرفتار کرلیا۔

حلیم عادل شیخ اینٹی کرپشن جامشورو میں دائر مقدمے کے حوالے سے پیش ہوئے تھے۔

حلیم عادل شیخ پر زمینوں کی خوردبرد کے مقدمات اینٹی کرپشن یونٹ میں درج ہیں، ان کو ڈپٹی ڈائریکٹر ذیشان میمن کے دفتر سے گرفتار کیا گیا۔

مزید پڑھیں: اینٹی کرپشن یونٹ نے پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو تحویل میں لے لیا

وقت بدلنے والا ہے آپ یہ سب برداشت نہیں کرسکیں گے، سابق گورنر سندھ

حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر سابق گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں، حلیم عادل شیخ کے خلاف من گھڑت مقدمے بنا کر انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے پیچھے پوری سندھ حکومت لگادی گئی ہے، کیا سندھ میں پیپلز پارٹی مافیا کو للکارنے کی سزا دی جارہی ہے؟

عمران اسمٰعیل نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن و تجاوزات پیپلز پارٹی کا ونگ بننے کے بجائے ادارے کا کردار ادا کرے، حکومت سندھ کو خبردار کرتا ہوں کہ اپنا قبلہ درست کریں کیونکہ وقت بدلنے والا ہے، آپ یہ سب برداشت نہیں کر سکیں گے۔

خیال رہے کہ رواں سال 6 جولائی کو بھی اینٹی کرپشن یونٹ نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کو کراچی سے حراست میں لے لیا تھا۔

لاہور پولیس کے ترجمان سید مبشر نے ڈان ڈاٹ کام کو گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ لاہور پولیس نے اس سلسلے میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی مدد کی، لیکن گرفتاری لاہور پولیس نے نہیں کی اور حلیم عادل اینٹی کرپشن یونٹ کی تحویل میں تھے۔

** یہ بھی پڑھیں: حلیم عادل شیخ کا پی پی پی رہنماؤں پر لاک اپ میں سانپ چھوڑنے کا الزام**

گرفتاری کےخلاف سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے اراکین کا احتجاج

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی جامشورو میں گرفتاری کے خلاف سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی اراکین نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی رہنما خرم شیر زمان نے قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری پی ڈی ایم کی رسی جل گئی مگر بل نہیں گئے، عمران خان کی دشمنی میں پیپلز پارٹی حلیم عادل شیخ کے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ قائد حزب اختلاف پر بنائے گئے کرپشن کے مقدمات پر لاہور ہائی کورٹ نے ریلیف دیا، سندھ حکومت پہلے بھی کراچی سے بھاگ کر لاہور میں حلیم عادل شیخ کو گرفتار کرنے پہنچی تھی اور لاہور ہائی کورٹ نے حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ ضمانت پر ہیں، سندھ میں انصاف کی بنیاد پر فیصلے نہیں ہو رہے، حلیم عادل شیخ سندھ میں ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں تو پیپلز پارٹی کو کیا تکلیف ہے۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت کا کام عوام کو ڈیلیور کرنا ہے انتقامی کارروائیاں کرنا نہیں، سندھ کے لوگ مر رہے ہیں، حلیم عادل آواز بلند کرتے ہیں، پنجاب میں تحریک انصاف کے خلاف کارروائی ممکن نہیں اس لیے سندھ میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کے ذمہ داران بہت خوش ہیں، سعید غنی

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت انتقامی کارروائیوں سے باز رہے، حلیم عادل شیخ کی گرفتاری غیر قانونی ہے اور حلیم عادل شیخ کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

تاہم پی ٹی آئی کے بلال غفار نے کہا کہ سندھ حکومت نے انتقامی کارروائیوں کی ہر حد عبور کرلی ہے، پنجاب میں پی ٹی آئی کی کامیابی کا بدلہ سندھ میں لیا جارہا ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ میں اپنی حرکتوں کی وجہ سے سسک رہی ہے، حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، سندھ حکومت حلیم عادل شیخ کو اکیلا نہ سمجھے۔

پی ٹی آئی کے راجا اظہر نے کہا کہ پی پی سے آج تحریک انصاف کا یوم تشکر ہضم نہیں ہوا، رنگ میں بھنگ ڈالنا پیپلز پارٹی کی پرانی روایت ہے، سندھ حکومت نے حلیم عادل شیخ پر جعلی مقدمات بنائے، اپوزیشن لیڈر سمیت پی ٹی آئی کا کوئی بھی رکن ان ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں، جامشورو پولیس حلیم عادل شیخ کو فوری رہا کرے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024