• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی میں مسلسل تیسرے روز بارش، مختلف واقعات میں 5 افراد جاں بحق

شائع July 26, 2022 اپ ڈیٹ July 27, 2022
پولیس اور ہسپتال حکام کے مطابق تینوں افراد بجلی کا کرنٹ سے جاں بحق ہوئے— فوٹو: ڈان نیوز
پولیس اور ہسپتال حکام کے مطابق تینوں افراد بجلی کا کرنٹ سے جاں بحق ہوئے— فوٹو: ڈان نیوز

کراچی میں مسلسل تیسرے روز وقفے وقفے سے جاری رہنے والی ہلکی اور تیز بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور ڈوبنے کے واقعات میں مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس اور ہسپتال حکام کے مطابق نیو کراچی کے علاقے سیکٹر 16 بی میں کرنٹ لگنے سے فیکٹری ورکر جاں بحق ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: موسلادھار بارش دوسرے روز بھی جاری، مختلف واقعات میں ایک بچی سمیت 9 افراد جاں بحق

گبول ٹاؤن پولیس نے بتایا کہ 35 سالہ ذوالفقار کو طالب پلاسٹک کمپنی کے اندر کرنٹ لگا جس کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے بتایا کہ 32 سالہ محمد ارشد کی لاش سعید آباد کی قائم خانی کالونی سے سول ہسپتال کراچی لائی گئی، اس کی موت کا سبب بھی کرنٹ لگنا تھا۔

ڈاکٹر سمیہ سید نے مزید بتایا کہ ایک اور شخص 23 سالہ عثمان امین کو کورنگی کے علاقے بلال کالونی میں بجلی کا جھٹکا لگا، کرنٹ کے باعث نوجوان کی موت ہوگئی جس کی لاش کو جناح ہسپتال لایا گیا۔

نورجہاں پولیس کا کہنا تھا کہ سخی حسن چورنگی میں ایک نالے میں ڈوب کر ایک شہری جاں بحق ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ طالب چمن پارک کے نالے کے ساتھ بنا فٹ پاتھ گر گیا اور اس کے نتیجے میں دو شہری بھی ڈوب گئے تاہم ایدھی کے رضاکاروں نے ایک شخص کو بچالیا جبکہ دوسرے کی لاش نکال لی اور عباسی ہسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 32 سالہ جنید اور 35 سالہ قاسم کے نام سے ہوئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں وقفے وقفے سے جاری موسلادھار بارش کے باعث مختلف حادثات میں ایک بچی سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری، مختلف واقعات میں 18 افراد جاں بحق

پولیس، ہسپتال اور ریسکیو ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے کرنٹ لگنے سے 4 شہری جاں بحق ہوئے جبکہ دیگر 5 افراد پانی میں ڈوب کر موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق مسلسل بارش کے باعث شہر کی کئی سڑکیں زیر آب ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ سپرہائی وے پر بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے نیو سبزی منڈی سے ٹول پلازہ کی جانب جانے والے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی، جبکہ بارش سے کچھ علاقوں میں سڑکوں کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں طوفانی بارش، مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق

ترجمان کے مطابق نیشنل ہائی وے پر منزل پمپ کے قریب گڑھا پڑھ گیا ہے جہاں ایک ٹرالر پھنسنے کے نتیجے میں ٹریفک کو متبادل سڑکوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس ترجمان کے مطابق ملیر ندی پل پر بھی بارش کا پانی جمع ہونے سے گڑھے بن گئے ہیں جہاں ایک ہی ٹریک پر ٹریفک چل رہا ہے۔

ٹریفک پولیس کے ترجمان نے مزید بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں کی مرکزی سڑکوں پر کم از کم 35 مقامات ایسے ہیں جہاں بارش کا پانی جمع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024