آئی ایم ایف، معاہدے میں نئی شرائط شامل نہیں کررہا، احسن اقبال
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے گزشتہ ہفتے پاکستان کے ساتھ طے پانے والے عملے کی سطح کے معاہدے میں نئی شرائط شامل نہیں کی ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بلوم برگ نے رپورٹ کیا تھا کہ آئی ایم ایف نئے فنڈز دینے سے پہلے پاکستان کی مالی معاونت کے لیے سعودی عرب کے عزم کا جائزہ لے رہا ہے۔
مزید پڑھیں: احسن اقبال آئی ایم ایف اسٹاف لیول معاہدے کی جلد منظوری کیلئے کوشاں
اس ہفتے نیویارک اور واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے حکام کے ساتھ دو ملاقاتیں کرنے والے وزیر نے کہا کہ فنڈ نے ہمارے ساتھ بات چیت میں یہ مسئلہ نہیں اٹھایا۔
واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں ایک نیوز بریفنگ کے دوران پوچھے جانے پر احسن اقبال نے کہا کہ فنڈ نے ملاقاتوں میں کوئی نئی شرائط تجویز نہیں کیں۔
وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف نے اگست تک فنڈز جاری کرنے اور جون 2023 تک سہولت میں توسیع اور پیکیج میں ایک ارب ڈالر شامل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
تاہم بلومبرگ نے رپورٹ کیا تھا کہ آئی ایم ایف اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کو زیادہ سے زیادہ 4 ارب ڈالر کی فنڈنگ کے ساتھ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ آئی ایم ایف کے قرض کے بعد اسلام آباد کو فنڈنگ میں کوئی فرق نہ پڑے۔
یہ بھی پڑھیں: موڈیز نے پاکستان کیلئے آئی ایم ایف معاہدہ ’مثبت کریڈٹ‘ قرار دے دیا
آئی ایم ایف اور پاکستان نے ملک کی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے مشترکہ ساتویں اور آٹھویں جائزے کو مکمل کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے عملے کی سطح پر معاہدہ کیا تھا۔
تاہم پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط ملنے سے پہلے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کو ابھی معاہدے کی منظوری دینی ہے جس سے پروگرام کے تحت مجموعی ادائیگی تقریباً 4.2 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی، بورڈ کا اجلاس اگست میں متوقع ہے۔
بلوم برگ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف سے ملنے والے 1.2 ارب ڈالر پاکستان کے لیے قرضوں کے ڈیفالٹ سے بچنے کے لیے ناکافی ہوں گے، رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ پاکستان کا روپیہ اور بانڈز ڈوب رہے ہیں کیونکہ مالیاتی پریشانیوں کے ساتھ ساتھ نئی سیاسی غیر یقینی صورتحال ملک کو تباہ کر رہی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کو قرضوں کی ادائیگی کے لیے فنڈز کی فراہمی اور زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کے لیے آئندہ 12 ماہ میں کم از کم 41 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ اقوام متحدہ میں آئی ایم ایف کے حکام کے ساتھ اپنی ملاقات میں انہوں نے ترقی پذیر ممالک کے لیے کووڈ کی طرز پر سہولت قائم کرنے کی تجویز دی تاکہ یوکرین جنگ کے اثرات سے نمٹنے میں ان کی مدد کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: حقیقی مؤثر شرح تبادلہ کے حساب سے روپے کی قدر صرف 3 فیصد کم ہوئی، مرکزی بینک کا دعویٰ
انہوں نے کہا کہ یہ جنگ ترقی پذیر معیشتوں کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے، اس نے ان کی ادائیگیوں کا توازن بگاڑ دیا ہے، ان کے لیے خوراک کی کمی اور توانائی کا ایک بڑا بحران پیدا کر دیا ہے، یہ اثر کورونا کے وبائی مرض سے زیادہ ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ بین الاقوامی برادری، خاص طور پر ترقی یافتہ ممالک کو ترقی پذیر ممالک کے لیے مالیاتی ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایک طریقہ کار وضع کرنا چاہیے تاکہ وہ اپنے ترقیاتی فنڈز اور سماجی معاونت کے بجٹ کو بحال کر سکیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ واشنگٹن میں آئی ایم ایف حکام سے ملاقات میں انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جس کی پی ٹی آئی حکومت نے خلاف ورزی کی تھی، انہوں نے کہا کہ اس خلاف ورزی نے آئی ایم ایف جیسے قرض دہندگان کا اعتماد متزلزل کر دیا ہے، ہم نے انہیں یقین دلایا کہ اعتماد کی مزید خلاف ورزی نہیں ہوگی، ہم نے انہیں بتایا کہ پاکستان کا مقصد کاروبار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ان پر زور دیا کہ جب وہ عملے کی سطح کے معاہدے پر غور کرنے کے لیے ملاقات کریں تو اپنے بورڈ کو بتائیں کہ ہم اپنی معیشت کو بحال کرنے کے لیے سب کچھ کرنا چاہتے ہیں۔