• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ضمنی انتخابات: الیکشن کمیشن کا ملتان میں ووٹ خریدنے کی خبروں کی تحقیقات کا حکم

شائع July 13, 2022
فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی جانب سے ووٹ خریدنے کی کوششوں اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 217 ملتان میں ضمنی انتخاب کے لیے متعلقہ اتھارٹی کی اجازت کے بغیر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے نکالی گئی کار ریلی کی سوشل میڈیا رپورٹس کا نوٹس لے لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر حیدر ریاض نے اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر مانیٹرنگ ٹیم کے ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان رپورٹس کی فوری تحقیقات کریں جن میں کہا گیا ہےکہ مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار سلمان نعیم ہر 20 ووٹوں کے بدلے ایک موٹر سائیکل کی پیشکش کر کے ووٹ خریدنے کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

ڈی ایم او حیدر ریاض نے اسسٹنٹ کمشنر اور مانیٹرنگ آفیسر کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا ہے امیدوار سلمان نعیم حلقہ پی پی 217 ملتان میں انتخابی مہم کے دوران بدعنوانی میں ملوث ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری

انہوں نے سوشل میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سلمان نعیم 20 ووٹوں کے وعدے پر ایک موٹر سائیکل کی پیشکش کر کے ووٹ مانگنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس طرح کا طرز عمل کرپٹ پریکٹس سمجھا جاتا ہے اور اس معاملے کی فوری انکوائری کی ضرورت ہے۔

ڈی ایم او حیدر ریاض نے اسی حلقے پی پی 217 سے ٹی ایل پی کے امیدوار زاہد حمید گجر کو بھی متعلقہ اتھارٹی کی اجازت کے بغیر کار ریلی نکالنے پر نوٹس جاری کیا۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کا مفت بجلی پروگرام معطل کردیا

حیدر ریاض نے زاہد حمید گجر کو آج بروز بدھ وضاحت کے لیے طلب کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق کسی امیدوار کے لیے حلقے میں جلسے کرنے اورریلی نکالنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی پیشگی اجازت ضروری ہے۔

اس کے علاوہ، مظفر گڑھ کے ڈی ایم او نے پی پی 273 میں امیدوار کے حامیوں کی جانب سے ہوائی فائرنگ کا بھی نوٹس لیا۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے مظفر گڑھ کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر اور ڈپٹی کمشنر کو ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی اور ان سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024