• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm

وزیر محنت سندھ سعید غنی دوبارہ کورونا کا شکار، مرتضیٰ وہاب بھی متاثر

شائع July 12, 2022
سعید غنی مارچ 2020 میں بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے —فائل فوٹو: ڈان نیوز
سعید غنی مارچ 2020 میں بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے —فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر محنت سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سعید غنی ایک بار پھر کورونا وائرس کا شکار ہوگئے جبکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی تیزی سے پھیلتے وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں سعید غنی نے بتایا کہ 'میری طبیعت گزشتہ کچھ روز سے ٹھیک نہیں تھی، 4 روز قبل ٹیسٹ کروانے پر معلوم ہوا کہ میں دوسری مرتبہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکا ہوں۔'

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق میں نے خود کو لوگوں سے دور الگ تھلگ رکھا ہوا ہے اور آئسولیشن اختیار کر رکھی ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس کی معمولی علامات کے علاوہ میری طبیعت بہتر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی پی پی کے صوبائی وزیر سعید غنی میں کورونا وائرس کی تشخیص

واضح رہے کہ صوبائی وزیر اس سے قبل مارچ 2020 میں بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔

اس وقت بھی سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 'گزشتہ روز میں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے'۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ 'اپنی ذمہ داریاں گھر پر آئیسولیشن میں رہ کر ادا کر رہا ہوں اور شہری بھی گھروں پر رہیں'۔

مزید پڑھیں: سعید غنی کورونا وائرس سے جنگ جیت کر صحتیاب ہوگئے

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک اور رہنما اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی کورونا وائرس سے متاثرہ ہوگئے اور ان میں کووڈ 19 کی علامات پائی گئی ہیں۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مرتضٰی وہاب نے بتایا کہ گزشتہ روز سے میں نے اپنے جسم میں کورونا وائرس کی کچھ علامات محسوس کی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان محسوس کی گئی علامات اور تبدیلیوں کو دیکھتے ہوئے میں نے احتیاطی طور پر خود کو لوگوں سے الگ تھلگ کرنے اور کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا جس کا نتیجہ مثبت آیا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے پاکستانی سیاستدان

واضح رہے کہ ملک میں عیدالاضحیٰ کی تقریبات اور مون سون کی بارشوں کے درمیان کووِڈ 19 کے کیسز دوبارہ بڑھ رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 255 افراد مہلک وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ مزید ایک شخص انتقال کر گیا۔

قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مثبت کیسز کی شرح 5.46 فیصد ریکارڈ کی گئی، کورونا سے متاثر 141 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ملک کے معاشی دارالحکومت کراچی میں منگل کو مثبت کیسز کی شرح 39.46 فیصد کی خطرناک سطح پر پہنچ گئی۔

این آئی ایچ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں شہر قائد میں 408 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 161 مثبت آئے۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024