• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

مردان: پولیس چوکی پر ریموٹ بم دھماکا، پولیس اہلکار شہید، 5 افراد زخمی

شائع July 7, 2022
دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور بڑی تعداد میں لوگ جائے وقوع پر  پہنچ گئ — فائل فوٹو: اے ایف پی
دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور بڑی تعداد میں لوگ جائے وقوع پر پہنچ گئ — فائل فوٹو: اے ایف پی

مردان میں پولیس چوکی چمتار پر نامعلوم مسلح افراد نے ریموٹ کنٹرول بم دھماکا کردیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس کانسٹیبل شہید جبکہ 3 پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے تھانہ صدر کی حدود میں رنگ روڈ پر واقع پولیس چوکی چمتار کے بیرونی گیٹ کے قریب پُل کے نیچے بارودی مواد نصب کر رکھا تھا جو جمعرات کی صبح ساڑھے 10 بجے کے قریب زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں کانسٹیبل مقصود موقع پر شہید جبکہ چوکی انچارج اے ایس آئی سہیل، کانسٹیبل کریم اور فیاض کے علاوہ دو عام شہری زخمی ہوگئے۔

مزید پڑھیں: کراچی: کھارادر میں میمن مسجد کے قریب دھماکا، خاتون جاں بحق، 11 زخمی

ایس پی آپریشنز شاہ ممتاز خان کے مطابق یہ ریموٹ کنٹرول دھماکا تھا جس میں دہشت گردوں کا نشانہ پولیس گاڑی تھی۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کے وقت چوکی انچارج دیگر اہلکاروں کے ہمراہ گشت سے واپس آئے اور گیٹ کھولنے کے بعد جیسے ہی گاڑی چوکی کے اندر داخل ہوئی تو زوردار دھماکا ہوگیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکے میں 8 سے 10 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ پولیس چوکی کا گیٹ مکمل طورپر تباہ ہوگیا اور چوکی میں کھڑی گاڑی کے علاوہ کھڑکیوں اور الماریوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ قریبی مکانات اور عمارات کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں دھماکے کی جگہ پہنچ گئیں، شہید اہلکار او رزخمیوں کو مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔

دھماکے کے بعد ڈی آئی جی یٰسین فاروق، ڈی پی او عرفان اللہ خان، ایس پی آپریشنز شاہ ممتاز خان سمیت پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

ڈی پی او عرفان اللہ خان نے ایم ایم سی میں زیر علاج دھماکے میں زخمی اہلکاروں کی عیادت کی جبکہ جائے وقوع کا بھی دورہ کیا، دھماکے کے بعد شہر میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: صدر میں دھماکے سے ایک شہری جاں بحق

بعد ازاں دھماکے میں شہید کانسٹبیل کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی جس میں ڈی آئی جی یٰسین فاروق، کمشنر مردان ڈویژن سید عبدالجبار شاہ، ڈی پی او عرفان اللہ خان، ڈپٹی کمشنر حبیب اللہ عارف اور اراکین صوبائی اسمبلی ظاہر شاہ طورو اور ملک شوکت کے علاوہ شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کرتے ہوئے شہید کو سلامی دی اور انہیں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی گاؤں گڑھی کپورہ میں سپردخاک کردیا گیا۔

دریں اثنا تھانہ سی ٹی ڈی نے دھماکے کا مقدمہ تھانہ صدر کے ایس ایچ او کی مدعیت میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کرلیا۔ مقدمے میں دہشت گردی سمیت 5 دفعات شامل کی گئی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024