’مس مارول‘ سندھی شادی کی رسم، پرانے کراچی اور پاکستانی موسیقی کے چرچے

شائقین کو سب سے زیادہ مزہ ویب سیریز کی تیسری اور چوتھی قسط دیکھ کر آیا۔
شائع July 6, 2022 اپ ڈیٹ July 7, 2022

شرمین عبید چنائے سمیت دیگر ہدایت کاروں کی ہدایت کاری میں بنائی گئی ویب سیریز ’مس مارول‘ کی اگرچہ اب تک کی ریلیز ہونے والی تمام قسطوں کو سراہا گیا۔

تاہم شائقین کو سب سے زیادہ مزہ ویب سیریز کی تیسری اور چوتھی قسط دیکھ کر آیا، جس میں کھل کر پاکستانی روایات، ثقافت، موسیقی اور صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کو دکھایا گیا۔

ان قسطوں کے بعض ڈائیلاگز پر تنازع بھی ہوا، کیوں کہ چوتھی قسط میں تقسیم بر صغیر کی کہانی بھی دکھائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’مس مارول‘ میں فواد خان کی پہلی جھلک منظر عام پر آگئی

تیسری قسط میں جہاں مس مارول یعنی کمالہ خان کو صوبہ سندھ کے دارالحکومت میں اپنے آبا و اجداد کے گھر آتے دکھایا گیا، وہیں انہیں کراچی کی تاریخی جگہوں کی سیر کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔

یہی نہیں بلکہ تیسری قسط میں کمالہ خان کو کراچی میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب میں دیسی لباس میں دیسی انداز کا رقص کرتے بھی دکھایا گیا۔

اسی قسط میں کمالہ خان کو کراچی کی سیر کرتے ہوئے دکھاتے وقت اس کے پس منظر میں سندھی کلاسک گانے ’تڈھن ملنداسیں‘ کے ریمکس عابد بروہی کے ’دی سبی سانگ‘ کو بھی شامل کیا گیا۔

مس مارول میں اب تک دکھائی گئی اہم پاکستانی روایات کی جھلکیاں ہیں، جنہوں نے شائقین کا دل جیتا۔

خیال رہے کہ ’مس مارول‘ کی چوتھی قسط کی ہدایات شرمین عبید چنائے نے دی ہیں۔

مس مارول کی مجموعی طور پر 6 قسطیں ہیں اور اس کی پانچویں قسط 8 جولائی تک ریلیز کردی جائے گی، جس کے بعد اس کی آخری قسط جولائی کے وسط تک ریلیز ہوگی۔

کراچی کے مناظر

ویب سیریز کی چوتھی قسط میں کراچی کے متعدد مناظر دکھائے گئے ہیں، اس قسط میں کراچی ریلوے اسٹیشن کے علاوہ اولڈ ایریاز کے علاقے، ایمپریس مارکیٹ، پرانی بسیں، چینی دندان ساز اور چینی ریسٹورنٹس کے علاوہ دیگر چیزیں بھی دکھائی گئی ہیں۔

کراچی کی تاریخی عمارتوں اور مشہور جگہوں کی عکاسی

مس مارول ویب سیریز میں جہاں بعض کراچی کے اصلی مناظر دکھائے گئے ہیں، وہیں کراچی کی پرانی اور مشہور عمارتوں جیسا اسٹوڈیو بھی امریکا میں بنایا گیا تھا جو ویب سیریز میں دکھنے میں کراچی کے علاقوں جیسا نظر آیا اور لوگوں نے اس پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔

کراچی کی سیر کے پس منظر میں سندھی گانا

چوتھی قسط میں کمالہ خان کی جانب سے کراچی کی سیر کرنے کے دوران پس منظر میں عابد بروہی کی جانب سے ریمیکس کیے گئے سندھی زبان کے کلاسک گانے ’تڈھن ملنداسیں‘ کو بھی چلایا گیا، عابد بروہی نے مذکورہ گانے کو ’دی سبی سانگ‘ کے نام سے 2017 میں ریلیز کیا تھا۔

کمالہ خان کا دیسی لباس میں دیسی رقص

تیسری قسط میں مس مارول یعنی کمالہ خان کو کراچی میں ہونے والی ایک شادی میں دیسی لباس میں دیسی انداز میں رقص کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

سندھی شادی کی رسم ’لانئوں‘

اسی قسط میں شادی کے دوران سندھی شادی کی رسم ’لانئوں‘ کو بھی دکھایا گیا،

اس رسم میں دلہا اور دلہن کے سروں کو ٹکرایا جاتا ہے، یہ رسم نکاح کے بعد رخصتی سے قبل سب مہمانوں کے سامنے ادا کی جاتی ہے اور اسے دیکھ کر لوگ محظوظ ہوتے ہیں

ما شاء الله

مس مارول کی تیسری اور چوتھی قسط کو جہاں مناظر کی وجہ سے سراہا گیا، وہیں اس میں عربی زبان کے اسلامی الفاظ کے استعمال نے بھی شائقین کے دل جیت لیے۔

مہوش حیات سپر ہیرو ’ماں‘

چوتھی قسط میں مہوش حیات کو مس مارول یعنی کمالہ خان کی نانی کی والدہ کے طور پر بھی دکھایا گیا، جن کے پاس ایک ایسا کنگن ہوتا ہے، جسے پہننے کے بعد وہ منفرد صلاحیتوں کی مالک بن جاتی ہیں اور وہی کنگن بعد ازاں کمالہ خان پہنتی ہیں۔

ولید کی انٹری

اسی قسط میں بھارتی اداکار فرحان اختر کی بھی مسلمان کردار ولید کے نام سے انٹری ہوتی ہے اور ان کے کردار نے بھی شائقین کے دل جیتے۔

بسم اللہ

ویب سیریز میں کمالہ خان کو متعدد بار مذہبی کلمات اور الفاظ کرتے دکھایا گیا، جس سے شائقین بہت خوش دکھائی دیے۔

فواد خان ’پڑ نانا‘

اسی قسط میں فواد خان کی تصویر کو بھی کمالہ خان کی نانی کے والد کے طور پر دکھایا گیا، یعنی وہ مس مارول کے پڑنانا نظر آئے۔ ایک ہی قسط میں مہوش حیات، فواد خان اور فرحان اختر کی انٹری سے شائقین بہت خوش دکھائی دیے۔

دیسی آرٹ

تیسری اور چوتھی قسط میں دیسی آرٹ، ثقافت، روایات اور زبان کے عام استعمال کو دکھانے پر پاکستان سمیت بھارت کے لوگ بھی مس مارول سے خوش دکھائی دیے۔