• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ہنزہ میں فرانسیسی پیراگلائیڈر لاپتا

شائع July 3, 2022
پیرا گلائیڈرز 30 جون کو ہنزہ پہنچے تھے— فائل فوٹو: ڈان
پیرا گلائیڈرز 30 جون کو ہنزہ پہنچے تھے— فائل فوٹو: ڈان

گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ کے انتظامی مرکز علی آباد کے بالائی علاقے سے فرانسیسی پیراگلائیڈر زیویئر ایلین گزشتہ روز اڑان بھرنے کے بعد لاپتا ہوگیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہنزہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ظہور احمد نے بتایا کہ فرانسیسی پیراگلائیڈر نے 2 ہسپانوی پیراگلائیڈرز کے ساتھ اڑان بھری تھی۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ دیر بعد ہسپانوی پیراگلائیڈرز ہنزہ کے علاقے گنیش میں اترے تاہم فرانسیسی پیراگلائیڈر لاپتا ہوگیا جس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چترال میں آندھی کے باعث پیراگلائیڈر جاں بحق

انہوں نے مزید کہا کہ جس علاقے میں ہسپانوی پیراگلائیڈر اترا وہ خطرناک ہے اور ریسکیو اہلکاروں کو لاپتا پیراگلائیڈر کی تلاش میں دشواری کا سامنا ہوسکتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ہنزہ نے ایک بیان میں کہا کہ لاپتا پیراگلائیڈر کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں میں ریسکیو 1122 کے اہلکار، پولیس اور مقامی رضاکار شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: نانگا پربت پر برطانوی اور اطالوی کوہ پیماؤں کی ہلاکت کی تصدیق

ذرائع کے مطابق دونوں ہسپانوی پیراگلائیڈرز بھی اپنے لاپتا ساتھی سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پیراگلائیڈرز 30 جون کو ہنزہ پہنچے تھے اور انہوں نے ایک مقامی ہوٹل میں قیام کیا۔

2 غیرملکی کوہ پیماؤں نے نانگا پربت سر کرلی

دریں اثنا نیپال سے تعلق رکھنے والے 2 کوہ پیماؤں نے نانگا پربت اور 2 فرانسیسی کوہ پیماؤں نے دیران چوٹی سر کر لی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ’سمٹ قراقرم‘ کے منیجنگ ڈائریکٹر سخاوت حسین نے بتایا کہ جاپان سے تعلق رکھنے والے ناوکو وتنابے اور نیپال کے سانو شرپا نے ہفتے کی صبح 5 بجکر 14 منٹ پر 8 ہزار 126 میٹر بلند دنیا کے نویں بلند ترین پہاڑ نانگا پربت کو سر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: یورپی پیراگلائیڈنگ ٹیم کا اسکردو کی بلتورو گلیشیئر پر عالمی ریکارڈ

گزشتہ 10 برسوں میں اس پہاڑ کو صرف 29 بار سر کیا جا سکا ہے، تاہم رواں سال تقریباً 100 غیر ملکی کوہ پیما اس چوٹی کو سر کرنے کی کوشش کریں گے۔

گزشتہ 2 روز میں 9 کوہ پیماؤں نے کامیابی کے ساتھ اس چوٹی کو سر کیا، مہم کی ٹیم کے مزید ارکان چوٹی سر کرنے کے لیے مہم کے آغاز کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ اطلاعات کے مطابق پہاڑ پر موسم کی صورتحال 6 مئی تک صاف رہنے کا امکان ہے۔

دریں اثنا 2 فرانسیسی اسکائیرز اور کوہ پیما میتھیو مینادیر اور لیو سلیمیٹ نے نگر میں واقع 7 ہزار 266 میٹر بلند دیران چوٹی کو سر کیا اور بیس کیمپ واپس آگئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024