• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

فیصل قریشی کا ’سوری اے لو اسٹوری‘ فلم ریلیز نہ کرنے کا اعلان

شائع July 2, 2022
فلم کی شوٹنگ 2018 میں شروع کی گئی تھی—اسکرین شاٹ
فلم کی شوٹنگ 2018 میں شروع کی گئی تھی—اسکرین شاٹ

سینیئر اداکار و پروڈیوسر فیصل قریشی نے اپنی فلم ’سوری اے لو اسٹوری‘ کو ریلیز نہ کرنے کا اعلان کردیا۔

فیصل قریشی نے اکتوبر 2018 میں ’سوری اے لو اسٹوری‘ کو بنانے کا اعلان کرتے ہوئے اسے ہر حال میں 2019 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا مگر ایسا نہ ہو سکا تھا۔

بعد ازاں دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا کی وبا کے باعث ’سوری اے لو اسٹوری‘ سمیت دیگر فلموں کی شوٹنگ اور ریلیز موخر کردی گئی تھی۔

کورونا کیسز میں نمایاں کمی کے بعد اگرچہ متعدد دیگر پاکستانی فلموں کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور چند فلموں کو ریلیز بھی کردیا گیا مگر فیصل قریشی نے اپنی رومانوی فلم کو ریلیز نہ کرنے کا اعلان کردیا۔

فیصل قریشی نے فلم کے ہدایت کار سہیل جاوید کے ہمراہ انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے تصدیق کی کہ وہ اب اپنی فلم کو ریلیز نہیں کریں گے۔

ویڈیو میں فیصل قریشی نے بتایا کہ جو لوگ کہ رہے ہیں کہ ان کے اور سہیل جاوید کے درمیان تنازعات ہیں تو وہ دیکھ لیں کہ ایسا نہیں اور ان کے درمیان کوئی بھی اختلافات نہیں۔

ویڈیو میں بظاہر دونوں ایک دوسرے سے خوش دکھائی دیے اور فیصل قریشی نے کسی بھی شخصیت کا نام لیے بغیر دعویٰ کیا کہ بعض لوگ نہیں چاہتے تھے کہ ان کی فلم ریلیز ہو اور انہوں نے ان کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کیں۔

انہوں نے کسی بھی شخصیت کا نام لیے بغیر کہا کہ بعض دوستوں نے بہت بری حرکتیں کیں اور پھر حالات بھی ناسازگار تھے، جس وجہ سے انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اب فلم کو ریلیز نہیں کریں گے اور اسے ہمیشہ کے لیے بند کر رہے ہیں۔

ویڈیو کے دوران ہدایت کار سہیل جاوید نے بھی تصدیق کی کہ اب وہ فلم کو ریلیز نہیں کریں گے اور ان کے اس فیصلے سے وہ لوگ ضرور خوش ہوں گے جو چاہتے تھے کہ ’سوری اے لو اسٹوری‘ ریلیز نہ ہو۔

انہوں نے بھی کسی بھی شخصیت کا نام لیے بغیر دعویٰ کیا کہ بعض لوگ ان کی راہ میں رکاوٹ تھے۔

فیصل قریشی نے فلم کو ریلیز نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار بھی کیا کہ انہوں نے اپنے مداحوں کو مایوس کیا۔

تاہم ساتھ ہی فیصل قریشی اور سہیل جاوید نے عندیہ دیا کہ وہ جلد ہی دوسرے منصوبوں کے ساتھ مداحوں کے سامنے پیش ہوں گے۔

ویڈیو میں انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ مداحوں کے لیے فلم کا پہلا اور آخری ٹریلر ضرور ریلیز کریں گے اور بعد ازاں انہوں نے فلم کا مختصر ٹریلر بھی ریلیز کیا۔

فیصل قریشی کی جانب سے شیئر کیے گئے ٹریلر سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی رومانس کے گرد گھومتی ہے۔

ٹریلر میں فیصل قریشی، آمنہ شیخ اور زاہد احمد کے علاوہ فریال محمود کے کرداروں کی جھلک بھی دکھائی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024