• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

لاپتا افراد کے معاملے کو وزارت انسانی حقوق اکیلے حل نہیں کرسکتی، ریاض حسین پیرزادہ

شائع July 1, 2022
وزیر برائے انسانی حقوق ریاض پیرزادہ نے حراست میں لیے گئے لاپتا افراد کے حوالے سے اپنے سابقہ بیان کی تردید کی — فائل فوٹو
وزیر برائے انسانی حقوق ریاض پیرزادہ نے حراست میں لیے گئے لاپتا افراد کے حوالے سے اپنے سابقہ بیان کی تردید کی — فائل فوٹو

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ریاض پیرزادہ نے اتوار کو جاری کیے گئے اپنے اس بیان کی تردید کی ہے کہ حراست میں لیے گئے کچھ لاپتا افراد بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو یا کچھ پڑوسی ممالک سے رابطے میں تھے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈان نیوز کو حالیہ انٹرویو میں دیے گئے اپنے ریمارکس کی وضاحت کرتے ہوئے ریاض پیرزادہ نے کہا کہ ان کا یہ کہنا تھا کہ لاپتا افراد کے معاملے کو ان کی وزارت اکیلے حل نہیں کر سکتی کیونکہ یہ تفتیشی اتھارٹی نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: لاپتا افراد کمیشن بوجھ بن چکا ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ

وزارت کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ لاپتا افراد سے متعلق بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں میں زیر غور ہے تاہم یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزارت کے سیکریٹری پہلے ہی کسی بھی پینل میں بل کے زیر بحث ہونے کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کر چکے ہیں۔

ایک حالیہ اجلاس کے دوران سیکریٹری نے اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہوئے کہا کہ ان کی وزارت ایسے کسی بھی بل کے بارے میں لاعلم ہے بلکہ وزارت داخلہ اور پارلیمانی امور سے کہا گیا ہے کہ وہ اس معاملے کا پتا لگائیں۔

ڈان نیوز کو دیا گیا ریاض پیرزادہ کا انٹرویو متنازع ریمارکس پر مشتمل ہے جس میں وزیر نے واضح طور پر کہا تھا کہ کچھ لاپتا افراد یادیو یا پڑوسی ممالک سے رابطے میں تھے۔

ریاض پیرزادہ نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق نے لاپتا افراد کے معاملے کو حل کرنے کے لیے ایک بل اور تجاویز پارلیمنٹ کو بھجوائی تھیں اور اب یہ پارلیمانی کمیٹیوں میں زیر بحث آنے کے باوجود وزارت داخلہ کے پاس ہے، وزیر نے امید ظاہر کی کہ کمیٹیاں جلد ہی اپنی بات چیت مکمل کر لیں گی اور اس سلسلے میں کسی غیر ملکی ایجنڈے پر عمل نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کچھ ’لاپتا افراد‘ کے کلبھوشن یادیو سے رابطے تھے، وفاقی وزیر

اس کے علاوہ سابق وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے ڈان نیوز کو بتایا کہ انہوں نے لاپتا افراد کے بل کا معاملہ آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے انہیں اس بات پر قائل کرنے میں تین سال لگے کہ لوگوں کو اٹھانے کا اس طرح کا عمل ختم ہونا چاہیے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ کچھ 'غیر مرئی' قوتوں نے بل میں بعض ترامیم کو شامل کرنے کی کوشش کی اور بعد میں قانون سازی کے مسودے کو عملی شکل نہیں دی جا سکی۔

مزید پڑھیں: لاپتا افراد سے متعلق بل تاحال ’لاپتا‘ ہے، چیئرمین قائمہ کمیٹی

رانا ثنااللہ کی طرف سے حال ہی میں دیے گئے ایک بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ وزیر داخلہ نے اعتراف کیا ہے کہ کچھ ادارے کچھ لوگوں کو ’غائب‘ کرنے پر مجبور ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزارت داخلہ اور پارلیمانی امور کے اعلیٰ حکام سے لاپتا افراد کے بل کے بارے میں پوچھ گچھ کی جائے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024