• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

’برکس‘ میں شامل ایک رکن نے پاکستان کو اجلاس میں شرکت سے روکا، دفتر خارجہ

شائع June 27, 2022
ترجمان نے کہا کہ برکس اجلاس سے قبل پاکستان کے ساتھ بات چیت میں شامل رہا ہے— فائل فوٹو: اے پی پی
ترجمان نے کہا کہ برکس اجلاس سے قبل پاکستان کے ساتھ بات چیت میں شامل رہا ہے— فائل فوٹو: اے پی پی

پاکستان نے برکس اجلاس کی کامیاب میزبانی پر چین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تنظیم کے ایک رکن ملک کی جانب سے پاکستان کو اجلاس میں شرکت سے روکنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ برکس دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں کا ایک بااثر کلب ہے جس میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔

بیجنگ نے 23 اور 24 جون کو برکس اجلاس کی میزبانی کی تھی جس میں شامل ممالک عالمی آبادی کا 40 فیصد سے زائد حصے اور دنیا کی مجموعی ملکی پیداوار کا تقریباً ایک چوتھائی حصے کی نمائندگی کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کسی کو پاک ۔ چین تعلقات خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، بلاول بھٹو

رواں سال برکس کی جانب سے ’عالمی ترقی پر اعلیٰ سطح کا ڈائیلاگ‘ منعقد کیا گیا جس میں ان 2 درجن ممالک نے اجلاس میں ورچوئلی شرکت کی جو تنظیم کے رکن نہیں تھے۔

اجلاس میں پاکستان کی عدم شمولیت نے کئی سوالات کو جنم دیا جس پر آج میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کسی ملک کا نام لیے بغیر اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ’ایک رکن‘ نے پاکستان کی شرکت کو روک دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ چین میزبان ملک ہونے کے ناطے برکس اجلاس سے قبل پاکستان کے ساتھ بات چیت میں شامل رہا ہے، برکس رکن ممالک کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلے کیے جاتے ہیں جبکہ غیر رکن ممالک کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔

ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ تنظیم کی مستقبل کی شمولیت ترقی پذیر دنیا کے مجموعی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور اس انداز میں شمولیت کے اصولوں پر مبنی ہوگی جو کہ تنگ جغرافیائی سیاسی تحفظات سے مبرا ہو۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کا دورہ چین اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا، دفتر خارجہ

برکس اجلاس کے موقع پر منعقدہ ’عالمی ترقی پر اعلیٰ سطح کے مکالمے‘ کے بارے ترجمان دفتر خارجہ نے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان عالمی برادری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے برکس کے رکن ملکوں سمیت تمام ترقی پذیر ممالک کے ساتھ کھڑا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہم ترقی پذیر ممالک کے مفادات کے فروغ میں چین کے کردار کو سراہتے ہیں، پاکستان چین کے ساتھ مل کر عالمی امن، مشترکہ خوشحالی اور جامع ترقی کے لیے ایک مضبوط آواز رہا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان ’جی 77 پلس چین‘ کا موجودہ سربراہ ہے اور گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو کے دوستوں کے گروپ کا بھی حصہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین ہمہ وقت اسٹریٹجک شراکت دار ہیں اور ہمارا آہنی بھائی چارہ مضبوط بنیادوں پر استوار ہے، پاکستان اور چین دوطرفہ اور کثیر الجہتی سطح پر ہمہ جہتی تعاون کو اعلیٰ سطح تک لے جانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

Arshad Mehmood Jun 27, 2022 03:25pm
پاکستان کو کیوں نظر انداز کیا چین میں
Arshad Mehmood Jun 27, 2022 03:31pm
پاکستان کو چائنہ نے نظر انداز کر دیا یہ ہے #امپورٹڈ#حکومت کی خارجہ پالیسی یہ حکومت خارجہ پالیسی میں بھی ناکام ہے اور پاکستان کے اندر بھی ناکام ہے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے اس جلی حکومت نے ان سے حکومت نہیں ہوتی ہے تو حکومت چھوڑ دینی چاہیے ملک کا نقصان نہ کریں

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024