• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

دبئی : عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی خریداری، قربانی کیلئے موبائل ایپس استعمال کرنے کی ترغیب

شائع June 24, 2022
پاکستان جیسے کچھ دیگر مسلم ممالک میں یہ ایپس استعمال ہوتی رہی ہیں—فوٹو : اے ایف پی
پاکستان جیسے کچھ دیگر مسلم ممالک میں یہ ایپس استعمال ہوتی رہی ہیں—فوٹو : اے ایف پی

دبئی میں عید الاضحیٰ کی آمد سے قبل میونسپلٹی کی جانب سے شہریوں کو قربانی کے جانوروں کا آرڈر دینے کے لیے اسمارٹ ایپلی کیشنز استعمال کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔

ڈان اخبار میں شائع خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق دبئی کے بہت سے مذبح خانوں میں سے ایک الکوز صنعتی علاقے میں واقع مذبح خانے میں بھیڑوں کا معائنہ کرنے کے لیے جانوروں کے ڈاکٹروں کو بلایا جاتا ہے، یہاں ماسک پہنے ملازمین گوشت کی ڈلیوری یا فروخت کے لیے اسےکاٹتے اور صاف کرتے نظر آتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں یہ سلسلہ سارا سال جاری رہتا ہے، عیدالاضحیٰ پر اس سہولت کی طلب بڑھنے کے سبب کورونا کی نئی لہر کی موجودگی میں مذبح خانوں میں زیادہ رش سے بچنے کے لیے دبئی کے حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے آرڈر کرنے کے لیے اسمارٹ ایپلی کیشنز کا استعمال کریں۔

یہ بھی پڑھیں: قربانی کے جانوروں کی آن لائن خریداری میں اضافہ

موبائل ایپس کے ذریعے شہری نہ صرف جانور کے ذبح کا آرڈر دے سکتے ہیں بلکہ گوشت مقامی خیراتی اداروں میں پہنچا سکتے ہیں یا تقسیم بھی کروا سکتے ہیں۔

اگرچہ ایسی موبائل ایپس مسلم ممالک میں وسیع پیمانے پر دستیاب نہیں ہیں لیکن یہ پاکستان جیسے کچھ ممالک میں استعمال ہوتی رہی ہیں، حکام نے بتایا کہ دبئی میں ایسی 7 ایپس دستیاب ہیں۔

دبئی میونسپلٹی میں ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ سروسز علی الحمدی نے بتایا کہ ایپس کے ذریعے ڈلیوری ایک یا دو گھنٹے میں ہو جاتی ہے، جس سے لوگوں کا وقت اور توانائی بچتی ہے۔

مزید پڑھیں: کارپوریٹ قربانی

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 برسوں میں کورونا کی وجہ سے بہت سے لوگوں نے سمارٹ ایپس کا سہارا لیا، احتیاطی تدابیر کی اب بھی ضرورت ہے اور ہمیں اس پر توجہ دینی ہوگی۔

دبئی میں دستیاب اسمارٹ ایپس میں سے ایک کے انچارج فیاض البدر نے کہا کہ صارفین ذبیحہ کی قسم اور اس کی عمر کے انتخاب کے علاوہ ایپ کے ذریعے ادائیگی بھی کر سکتے ہیں اور ریفریجریٹد وین کے ذریعے گوشت موصول بھی کرسکتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات نے رواں ماہ کے آغاز میں ایک ہفتے میں دوگنا سے زائد کیسز سامنے آنے کے بعد متنبہ کیا تھا کہ لوگ کورونا وباکی روک تھام کے لیے پابندیوں پر لازمی عمل کریں جن میں انڈور مقامات پر ماسک پہننے اور خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانہ بھی شامل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024