• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

مظلوم سسکتی عورت کا کردار مزید ادا نہیں کرسکتی، ثروت گیلانی

شائع June 23, 2022
ثروت گیلانی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان میں بےشمار غیرممعمولی خواتین ہیں—فوٹو : ثروت گیلانی
ثروت گیلانی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان میں بےشمار غیرممعمولی خواتین ہیں—فوٹو : ثروت گیلانی

پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی نامور اداکارہ ثروت گیلانی گزشتہ کچھ عرصے سے ٹیلی ویژن اسکرین سے غائب ہیں، ان کے نئے ڈراموں کے منتظر مداحوں کو بالآخر ٹیلی ویژن اسکرین سے دور ہونے کی وجہ اداکارہ نے خود بتادی۔

حال ہی میں شوبز ویب سائٹ ’سم تھنگ ہاٹ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں ثروت گیلانی نے شوبز کیریئر اور اپنے کرداروں سمیت سماجی مسائل سے منسلک مختلف موضوعات پر کھل کر باتیں کیں۔

اداکارہ نے ٹیلی ویژن پر کمرشل پراجیکٹس کے مقابلے میں انڈیپینڈنٹ پراجیکٹس کو ترجیح دینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ کچھ بہت اہم مسائل کے بارے میں مؤثر انداز میں آواز اٹھانا ہے جنہیں ٹی وی سیریلز میں اتنی اہمیت نہیں دی جا رہی۔

ثروت گیلانی نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ میں خواتین کے حقوق، بچوں کے ساتھ بدسلوکی اور حقیقی زندگی کے بہت سے دیگر سنجیدہ موضوعات کے خلاف بات کرنے لگی ہوں جس کے سبب میں نے محسوس کیا کہ اگر میں اس کے بارے میں بات کر رہی ہوں اور مجھے یقین ہے کہ کچھ مخصوص چیزیں ہیں جن پر ہمارے معاشرے میں عمل کی ضرورت ہے تو میں دوبارہ مظلوم سسکتی عورت کے کردار میں واپس نہیں آسکتی کیونکہ میں اس پر یقین نہیں رکھتی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان میں بےشمار غیرمعمولی خواتین ہیں، ایسی بہت سی خواتین کی مثالیں موجود ہیں اور ہمیں ان کی کامیابی کی کہانیاں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ پورے سیزن یا 26 اقساط پر مشتمل سیریل کی بنیاد صرف ان باتوں پر نہیں ہونی چاہیے کہ فلاں لڑکی فلاں لڑکے سے شادی کے لیے مناسب ہے یا نہیں؟ کیا وہ اتنی اچھی ہے کہ سسرال والوں کی جانب سے اسے قبول کرلیا جائے؟ زندگی ان تمام چیزوں سے بالاتر ہے، خاص طور پر خواتین کے لیے جو ان دقیانوسی تصورات سے باہر نکلنے کے لیے غیرمعمولی جدوجہد کررہی ہیں۔

ثروت گیلانی نے کہا کہ اس تناظر میں میرا خیال ہے کہ ٹیلی ویژن مجھے روکتا ہے، میں نے 20 سال ڈراما انڈسٹری میں کام کیا اور مظلوم سسکتی عورت کے کردار بھی ادا کیے لیکن اب میں سمجھتی ہوں کہ بس بہت ہوگیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ ’میں نے 2018 میں ’خسارہ‘ ڈراما کیا، یہ میرا آخری ٹیلی ویژن کردار تھا اور اس میں، میں نے واقعی ایک مضبوط عورت کا کردار ادا کیا، یہی وہ پہلو ہے جس کو میں نمایاں کرنا چاہتی ہوں کہ خواتین مضبوط اور قابل تقلید ہیں‘۔

ثروت گیلانی کا تازہ ترین پروجیکٹ ’جوائے لینڈ‘ میں ایک کردار ہے، صائم صادق کی تیار کردہ یہ انڈیپینڈنٹ فلم رواں سال ’کینز 2022‘ فیسٹول میں پیش کی گئی اور 2 ایوارڈز بھی حاصل کیے۔

علاوہ ازیں ثروت گیلانی نے ’زی فائیو‘ کے پراجیکٹس ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ اور ’چڑیلز‘ میں بھی کردار ادا کیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024