• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عدالت نے اداکارہ میرا کا تکذیب نکاح سے متعلق کیس خارج کردیا

اداکارہ کا کیس 2009 سے چلتا آ رہا ہے—فائل فوٹو: فیس بک
اداکارہ کا کیس 2009 سے چلتا آ رہا ہے—فائل فوٹو: فیس بک

لاہور ہائی کورٹ نے کیس کی عدم پیروی پر اداکارہ میرا کی تکذیب نکاح کی درخواست خارج کردی۔

اداکارہ میرا نے رواں برس فروری میں خود کو عتیق الرحمٰن نامی شخص کی بیوی قرار دیے جانے کے لاہور کی سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

مذکورہ کیس کے دوران اداکارہ میرا اور اس کے وکیل نے کیس کی پیروی نہیں کی، جس پر عدالت نے ان کا کیس خارج کردیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس انوار الحسن نے اداکارہ میرا کی درخواست پر سماعت کی اور معزز جج نے اداکارہ اور ان کے وکیل کو پیش ہونے کا حکم دیا اور بار بار حکم دینے کے باوجود اداکارہ اور اس کے وکیل پیش نہ ہوسکے۔

عدالت نے کیس کی عدم پیروی کرنے پر میرا کا کیس خارج کردیا، میرا نے رواں برس فروری میں لاہور ہائی کورٹ میں ماتحت عدالت کا فیصلہ کاالعدم قرار دینے سے متعلق درخواست دائر کی تھی۔

انہوں نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کردہ درخواست مں موقف اختیار کیا تھا کہ دبئی میں فلم کی عکسبندی کے دوران عتیق الرحمٰن نے جھوٹا نکاح نامہ اور تصاویر تیار کیں، انہوں نے اداکارہ کو بلیک میل کرنے کے لیے جھوٹا نکاح نامہ تیار کیا۔

اداکارہ نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ تکذیب نکاح سے متعلق فیملی کورٹ کی ڈگری اور سیشن کورٹ کا حکم کاالعدم قرار دے کر عتیق الرحمٰن کا نکاح نامہ بھی جھوٹا قرار دیا جائے۔

لاہور کی سیشن کورٹ نے رواں برس 31 جنوری کو میرا کی ہی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے قرار دیا تھا کہ وہ عتیق الرحمٰن نامی شخص کی بیوی ہی ہیں۔

سیشن کورٹ سے قبل فیملی کورٹ نے بھی 2018 میں اداکارہ میرا کو عتیق الرحمٰن کی بیوی قرار دیا تھا، جس کے خلاف اداکارہ نے اپیل دائر کی تھی مگر عدالت نے ان کی ہی درخواست مسترد کرتے ہوئے عتیق الرحمٰن کے حق میں بیان دیا تھا۔

اداکارہ اس تصویر کو ڈرامے کی شوٹنگ جب کہ عتیق الرحمٰن شادی کی تصویر قرار دیتے رہے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ اس تصویر کو ڈرامے کی شوٹنگ جب کہ عتیق الرحمٰن شادی کی تصویر قرار دیتے رہے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

عتیق الرحمٰن نامی شخص نے پہلی بار 2009 سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ میرا نے ان سے شادی کر رکھی ہے اور ان کی اہلیہ ہونے کے باوجود انہوں نے نکاح کے اوپر نکاح کرکے کپتان نوید سے شادی کی۔

عتیق الرحمٰن نامی شخص کی جانب سے نکاح کے اوپر نکاح کا دعویٰ کرنے کے بعد میرا نے جولائی 2009 میں تکذیب نکاح کی درخواست دائر کی تھی۔ مذکورہ کیس کی درجنوں سماعتیں ہوئیں، یہاں تک کہ عدالت نے عدم پیشی پر میرا کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے۔

لاہور کی فیملی کورٹ نے تقریبا ایک دہائی بعد جون 2018 میں فیصلہ دیا تھا کہ اداکارہ عتیق الرحمٰن کی ہی بیوی ہیں۔

فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اداکارہ نے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی تھی اور وہاں بھی تقریبا تین سال تک سماعتیں ہوئیں اور عدالت نے 31 جنوری 2022 کو فیصلہ دیا کہ اداکارہ عتیق الرحمٰن کی ہی بیوی ہیں۔

اداکارہ میرا دعویٰ کرتی رہی ہیں کہ انہوں نے عتیق الرحمٰن سے شادی نہیں کی اور مذکورہ شخص کے ساتھ ان کی کھچوائی گئی تصاویر دراصل ایک ڈرامے کی شوٹنگ کا حصہ ہیں۔

تاہم عتیق الرحمٰن کے مطابق اداکارہ جن تصاویر کو ڈرامے کا حصہ قرار دیتی ہیں، دراصل وہ ان کی شادی کی تصاویر ہیں۔

اداکارہ و عتیق الرحمٰن کی یہ تصاویر عدالت میں پیش کی جا چکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ و عتیق الرحمٰن کی یہ تصاویر عدالت میں پیش کی جا چکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024