• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی میں بارش ہونے پر سوشل میڈیا صارفین خوش

شائع June 22, 2022
کئی علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی—اسکرین شاٹ/ ٹوئٹر ویڈیو
کئی علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی—اسکرین شاٹ/ ٹوئٹر ویڈیو

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 22 جون کی شام کو بارش ہونے کے بعد جہاں گرمی کا زور ٹوٹ گیا، وہیں موسم بھی خوشگوار ہوگیا۔

کراچی میں 22 جون کو بارش کا آغاز سہ پہر کے بعد ہی شروع گیا تھا، تاہم ملک کے سب سے بڑے شہر کے درجنوں علاقوں میں رات 8 بجے تک بارش نہ ہوسکی تھی۔

کراچی کے کھلے علاقوں جیسے ملیر، گلشن حدید، گلشن معمار، گڈاپ ٹاؤن، لیاری، کورنگی اور منگھوپیر کے علاقوں میں سہ پہر کے بعد بارش ہونا شروع ہوئی اور وہاں وقفے وقفے سے رات تک بارش ہوتی رہی۔

کھلے علاقوں کے بعد گلشن اقبال، کلفٹن، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، شاہراہ فیصل، گلستان جوہر اور گارڈن سمیت دیگر علاقوں میں بھی شام کے بعد بارش ہونا شروع ہوئی اور سوشل میڈیا صارفین کے مطابق متعدد علاقوں میں پہلی بار زوردار بارش ہوئی۔

شہر قائد میں تیز بارش ہونے کے بعد موسم خوشگوار بننے اور گرمی کا زور ٹوٹنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے خوشی کا اظہار کیا اور شکرانے ادا کیے کہ سخت گرمی سے نجات ملی۔

زیادہ تر افراد نے شہر میں بارش کی اطلاع دی اور کچھ لوگوں نے بارش ہوتے ہی بجلی چلے جانے کی شکایت بھی کی۔

بارش ہونے پر جہاں کراچی والوں نے خوشی کا اظہار کیا، وہیں ملک کے دوسرے شہروں میں رہنے والے افراد نے بھی سندھ کے دارالحکومت میں رہنے والے اپنے دوستوں کو بارش کی مبارک باد پیش کی۔

دوسرے شہروں میں رہنے والے لوگوں نے کراچی میں مقیم اپنے دوستوں کے سوشل میڈیا اسٹیٹس کے اسکرین شاٹ لے کر ان پر میمز بناکر بھی کراچی والوں کو بارش کی مبارک باد دی۔

زیادہ تر صارفین کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز میں تیز ہوا کے ساتھ بارش میں بچوں کو کھیلتے ہوئے دیکھا گیا۔

بعض لوگوں نے شہر میں مون سون کی پہلی بارش ہونے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024