• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

نومبر میں آرمی چیف کا تقرر میرٹ پر کرتا، عمران خان

شائع June 22, 2022
سابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد میں سیمینار سےخطاب کر رہے تھے—فوٹو: ڈان نیوز
سابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد میں سیمینار سےخطاب کر رہے تھے—فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ک االلہ کے سامنے حاضر ہو کر یہ بات کر رہا ہوں کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ نومبر میں کس کو آرمی چیف بنانا ہے، میرے ذہن میں تھا کہ جب وقت آئے گا تو میرٹ پر جو بھی ہوگا اسے لگاؤں گا۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے زیراہتمام منعقدہ ‘رجیم چینج’ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خرم دستگیر کے منہ سے سچ نکل آیا ہے، ان کا ایک ہی مقصد ہے کہ کیسے چوری کرنا ہے اور کیسے اس چوری کو بچانا ہے، باقی سب ثانوی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے، اگر 100 جج آنے بھی تھے تو ان کو کیا ڈر تھا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا نیب ترامیم سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

وفاقی وزیر خرم دستگیر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خرم دستگیر نے کہا کہ عمران خان اپنا آرمی چیف رکھنا تھا اور 15 سال تک ہٹایا نہیں جاسکے اور احتساب بھی ہوجائے گا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ کوئی اور آرمی چیف آئے گا تو ان کا احتساب رک جائے گا، اس کا یہ بھی مطلب ہے کہ اپنا آرمی چیف چاہیے جو ان کی مدد کرے۔

'کبھی نہیں سوچا تھا کہ نومبر میں کس کو آرمی چیف بنانا ہے'

انہوں نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں اور اللہ کے سامنے حاضر ہو کر یہ بات کر رہا ہوں کہ میں نے کسی صورت اور کسی وقت کبھی نہیں سوچا تھا کہ نومبر میں کس کو آرمی چیف بنانا ہے، کیونکہ یہ مسئلہ تھا نہیں، میرے ذہن میں تھا کہ جب وقت آئے گا تو میرٹ پر جو بھی ہوگا لگاؤں گا، میں نے زندگی میں کبھی میرٹ کی خلاف ورزی نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو آرمی چیف کا مسئلہ کیوں تھا کیونکہ اس کے پاس چوری کا پیسہ اتنا زیادہ تھا کہ وہ فوج کو کنٹرول کرنا چاہتا تھا، دیگر ادارے تو وہ کنٹرول کرچکا تھا، اب جو تماشا دیکھ رہے ہیں اداروں کا قتل عام ہو رہا ہے، ایف آئی اے اور نیب تباہ ہے اور ان سب پر اپنے لوگ بٹھا دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ میرٹ کی خلاف ورزی کرکے اپنی پسند کا آرمی چیف لے کر آیا کیونکہ اس کو ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آج پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، امپورٹِڈ سرکار نے احتساب ہی دفن کردیا، عمران خان

عمران خان نے کہا کہ لوگ میرا مذاق اڑاتے تھے کہ یہ سیاست نہیں جانتا اور کہتے تھے کہ اگر نواز شریف کے خلاف کھڑے ہیں تو زرداری سے دوستی کریں لیکن میں نے کہا کہ دونوں چور ہیں اور اس پر ہمیشہ کمپرومائز نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہر وہ ادارہ جو ان کی چوری کے لیے خطرہ ہو اس کو کنٹرول کرنا ہے لہٰذا ان کو فوج سے ڈر ہوتا ہے کیونکہ آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلیجنس کے پاس ان کی رپورٹس ہوتی ہیں اس لیے کنٹرول کرنا چاہتی ہیں، 90 کی دہائی میں دو دو مرتبہ ان کی حکومتیں چوری پر گئی ہیں۔

'ان کو خوف تھا کہ میں جنرل فیض کو لانا چاہتا ہوں'

انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے ذہن میں خوف آگیا تھا میں جنرل فیض کو لانا چاہتا ہوں، ان کے اوپر خوف طاری ہوا، جس کی وجہ سے یہ مضطرب تھے کہ نومبر میں اپنا آرمی چیف رکھ لیا تو یہ ملک تباہ ہوجائے گا یعنی ان کا مستقبل تباہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے آپ کو کبھی بھی امریکی مخالف نہیں سمجھتا، ہماری زبردست پاکستانی امریکن کمیونٹی ہے ، ہمیں ان سے تعلقات کبھی خراب نہیں کرنے چاہیئں، امریکا سپر پاور ہے، ہماری سب سے زیادہ برآمدات امریکا کو ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی صورت تعلقات خراب نہیں کرنے چاہئیں لیکن کیا ہمیں اپنے آپ کو اس طرح ٹشو پیپر کی طرح استعمال ہونا چاہیے، ان کا ایجنڈا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرو، ہندوستان کو تسلیم کرو کہ وہ یہاں ہمارا مقامی تھانیدار ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان اپوزیشن رہنماؤں کو نااہل قرار دلوانا چاہتے تھے، خرم دستگیر

عمران خان نے کہا کہ ان کا سیدھا ایجنڈا ہے کہ کشمیر کو بھول جاؤ کیونکہ وہ چاہتےہیں کہ بھارت تگڑا ہو تاکہ وہ چین کا سامنا کریں اور ہم سے چاہتےہیں بھارت جو کہے بڑے آرام سے سیلوٹ کرو۔

ان کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ کیا یہ پاکستان کا مفاد ہے، جس وقت اسرائیل کو تسلیم کرتے ہیں اسی وقت کشمیر کا مؤقف زیرو ہوجاتا ہے۔

'تصور نہیں کرسکتا تھا کہ کوئی شہباز شریف کو وزیراعظم بنا دے گا'

انہوں نے کہا کہ جب مجھے اس سازش کا پتا چلا اور مجھے سازش کا سال پہلے اندازہ ہوا تھا کہ گیم شروع ہوئی ہے، میں جب بھی سوچتا تھا تو یہ سازش کیسے ہوگی کیا شہباز شریف کو کوئی ملک کا وزیراعظم بنا دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں عمران خان جب آپ کو سازش کا پتا چلا تھا تو کچھ کیوں نہیں کیا، میں ایمان داری سے کہہ رہا ہوں کہ میں تصور بھی نہیں کرسکتا ہوں کہ کوئی شہباز شریف کو ملک کا وزیراعظم بنا دے گا۔

عمران خان نے کہا کہ ایک دن نیوٹرلز سے بات کی اور کہا کہ اس کے اور ان کے بیٹوں کے اوپر ایف آئی اے کا 16 ارب اور نیب کا 8 ارب کا کیس ہے، اتنے اوپن کیسز کسی کے نہیں ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف دائر مقدمات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتنا بلیک اینڈ وائٹ کیسز کسی کے نہیں ہیں، نواز شریف نے پھر بھی اپنے نام پر کچھ نہیں کیا اور بیٹوں کے نام پر فلیٹ لیا لیکن اس کیس میں یہ (شہباز شریف) اور اس کے بیٹے براہ راست ملوث ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی عام آدمی ہوتا تو اس ملک میں اس کو دو دن میں جیل میں ڈال دیا جاتا۔

'یہ سیٹ اپ پاکستان کی تباہی ہے'

انہوں نے کہا کہ اس سیٹ اپ کو ملک کے اوپر مسلط کرنے کے لیے ملک کے سارے اداروں کو تباہ کرنا پڑے گا، اس سیٹ اپ کو لوگوں کو ہضم کروانے کے لیے جو اقدامات کیے جا رہے ہیں یہ اصل میں پاکستان کی تباہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت نے نیب اور الیکشن ترمیمی بل بغیر دستخط واپس بھیج دیے

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ تباہ ہوگی، پارلیمنٹ کے اندر راجا ریاض اپوزیشن لیڈر ہوگا تو سمجھ جائیں اس پارلیمنٹ کی اہمیت رہ گئی ہے، ادھر پنجاب میں مذاق ہو رہا ہے، یہ جمہوریت کی توہین ہے اور ہماری عدلیہ کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جو الیکشن کمیشن کر رہا ہے، جس طرح مخصوص نشستوں پر فیصلہ دیا حالانکہ مخصوص نشستیں جاتی ہیں تو ایک دم متبادل آجاتی ہیں لیکن الیکشن کمیشن حمزہ شہباز کو بٹھانے کے لیے انجینئرنگ کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی کریڈیبلٹی ختم ہوچکی ہے، کوئی یہ نہ کہے کی کریڈیبلٹی ختم ہوجائے گی، ہمیں پتہ ہے وہ شہزادہ اور شہزادی لاہور میں بیٹھے اور ان کے ایم ایز آکر انجینئرنگ کرتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک بریگیڈیئر رانجھا ہوتے تھے جنہوں نے 2013 میں مسلم لیگ (ن) کے لیے ساری انجینئرنگ کی تھی اور اب جو ہو رہا ہے، اس سے پاکستان کی جمہوریت اور اخلاقیات کا نقصان ہو رہا ہے۔

'نیوٹرلز کو بتایا تھا کہ ملک سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا'

انہوں نے کہا کہ میں نے اور شوکت ترین نے جا کر نیوٹرلز کو سمجھایا کہ ملک سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا کیونکہ ملک بڑی مشکلوں سے نکلا ہے، عالمی سپر سائیکل آیا ہوا ہے، بیرونی زرمبادلہ کی کمی ہے، ہماری کرنسی پر اثر پڑے گا، اس سازش کو روکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام سے سب سے پہلے ہماری کرنسی اور زرمبادلہ پر اثر پڑنا تھا اور وہی ہوا اور ہمیں پتا تھا کہ ان کو معیشت کی سمجھ نہیں تھی کیونکہ سمجھ ہوتی تو 10 سال پہلے کچھ کرتے لیکن ہمیں سب پتا تھا کہ کیا کرنا ہے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی صرف ایک تیاری تھی کہ این آر او لینا تھا، آج معیشت نیچے جا رہی ہے اور پاکستان تباہ ہو رہا ہے، ان کے دو مہینوں میں عام لوگوں کے لیے اتنی مہنگائی ہوئی جو ہمارے 3 سال میں نہیں ہوئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اوپر بھی سپر سائیکل تھا، کورونا اور ہم بھی آئی ایم ایف پروگرام میں تھے تو ہم نے ایسی مہنگائی کیوں نہیں کی لیکن انہوں نے آتے ہی مہنگائی کردی پھر یہ ہمارے اوپر ڈال رہے ہیں یا آئی ایم ایف پر ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی سوچ صرف اپنی ذات پر تھی جو خرم دستگیر کہہ گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک جینوئن پاکستان میں ایک کراس روڈ آگیا ہے، یا ادھر یا ادھر جاسکتے ہیں، نیوٹرل بیچ میں گیئر ہی نکل گیا ہے، فیصلہ کرنا ہے اب اس ملک کو یہ جس طرف لے کر جانا چاہتے ہیں اس سے بچانا کیسے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کا خیال ہے کہ ہم امریکا کے پیر پکڑیں گے، میں تصور کر رہا ہوں کہ مفتاح اسمٰعیل وہاں جا کر ہاتھ جوڑ کر بیٹھ گیا ہوگا کہ میں آپ کے جوتے پالش کردوں گا اگر آپ کہتے ہیں تو شہباز کو بلا لیتا ہوں وہ اور زیادہ اچھے پالش کرتا ہے۔

عمران خان نے آخر میں کہا کہ میرا نیوٹرلز سے ایک سوال ہے کہ اگر گھر پر ڈاکا پڑے تو کیا چوکیدار نیوٹرل ہوسکتا ہے؟

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024