• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

معروف تاجر سیٹھ عابد کی بیٹی لےپالک بیٹے کے ہاتھوں قتل

شائع June 19, 2022 اپ ڈیٹ June 20, 2022
64 سالہ فراح مظہر اپنے لےپالک بیٹے فہد اور ایک بیٹی کے ساتھ مسلم ٹاؤن میں رہائش پذیر تھیں —فائل فوٹو: اے ایف پی
64 سالہ فراح مظہر اپنے لےپالک بیٹے فہد اور ایک بیٹی کے ساتھ مسلم ٹاؤن میں رہائش پذیر تھیں —فائل فوٹو: اے ایف پی

معروف تاجر سیٹھ عابد کی بیٹی فراح مظہر کو لے پالک بیٹے نے مبینہ طور پر لاہور کے علاقے مسلم ٹاؤن میں گولی مار کر قتل کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 64 سالہ فراح مظہر اپنے لے پالک بیٹے فہد اور ایک بیٹی کے ساتھ مسلم ٹاؤن میں رہائش پذیر تھیں۔

فہد نے مبینہ طور پر اپنی والدہ کو پیٹ میں گولی ماری، ان کی بیٹی نے انہیں قریبی ہسپتال منتقل کیا مگر وہ زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

مزید پڑھیں: تاجر سیٹھ عابد قلیل علالت کے بعد انتقال کرگئے

مقتولہ 3 لے پالک بچوں کی ماں تھیں جن میں 2 بیٹے فرید، فہد اور ایک بیٹی شامل ہیں جبکہ مقتولہ خاتون کے شوہر امریکا میں مقیم ہیں۔

پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے میں منتقل کردیا اور ڈیفنس میں مقیم مقتولہ کے دوسرے بیٹے فرید کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ہے، پولیس ٹیموں نے جائے وقوع سے فرانزک شواہد اکٹھے کر کے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔

پولیس نے فہد اور ان کے 2 ملازمین کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے جبکہ ایک 40 سالہ گھریلو ملازمہ رضیہ کو بھی پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) آپریشنز سہیل چوہدری نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ خاتون کے لے پالک بیٹے نے شادی کے تنازع پر ماں کو گولی مار کر قتل کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملزم نے پہلے پولیس کو بتایا کہ اس کی ماں نے خودکشی کی ہے لیکن پولیس کو شواہد کے ذریعے پتا چلا کہ انہیں ایک کمرے میں قتل کیا گیا جہاں فرنیچر کی توڑ پھوڑ کی گئی اور قتل کے لیے استعمال کیے جانے والا اسلحہ غائب تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں میاں بیوی اور بیٹی کا تیز دھار آلے سے قتل

ڈی آئی جی نے کہا کہ پولیس نے مشتبہ شخص اور اس کے 2 ملازمین کو حراست میں لیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ نوکروں نے انکشاف کیا کہ فہد نے شادی کے تنازع پر اپنی والدہ کو گولی مار کر قتل کیا اور اسے خودکشی کا رنگ دینے کے لیے جائے وقوع کو بھی مسخ کیا اور پستول کو فرش کے نیچے چھپا دیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، فہد کے بڑے بھائی فرید نے میڈیا کو بتایا کہ اس کے چھوٹے بھائی نے ماں کو قتل کیا ہے اور وہ انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قاتل کو گرفتار کرکے قانون کی بھرپور طاقت سے نمٹا جائے اور مقتول کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔

مزید پڑھیں: لاہور: عدالت میں فائرنگ، زیر حراست قتل کا ملزم ہلاک

اقبال ٹاؤن کی ایس پی ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس نے تمام زاویوں سے تفتیش شروع کر دی ہے اور موقع سے برآمد ہونے والا اسلحہ فرانزک لیب بھجوا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2006 میں سیٹھ عابد کے بیٹے سیٹھ حافظ ایاز احمد اور 5 دیگر افراد کو ستوکتلہ میں ایک سیکورٹی گارڈ نے گولیاں مار کر قتل کیا تھا۔

تاجر سیٹھ عابد کا شمار ملک کے 30 امیر ترین افراد میں ہوتا تھا اور وہ 8 جنوری 2021 کو کراچی کے ایک ہسپتال میں مختصر علالت کے بعد تقریباً 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024