سینیئر اداکار محمود اختر کی طبیعت ناساز
پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے کیریئر کے آغاز کرنے والے سینیئر اداکار محمود اختر کی طبیعت بھی ناساز ہوگئی اور مداحوں سے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کردی گئی۔
محمود اختر نے 1970 سے 1980 کی دہائی میں کیریئر کا آغاز کیا اور انہیں آتے ہی پی ٹی وی کے چند مقبول ڈراموں میں کام کرنے کی وجہ سے شہرت ملی۔
محمود اختر کو سب سے زیادہ شہرت پی ٹی وی کے بلاک بسٹر ڈارما ’ہوائیں‘ سے ملی، تاہم انہوں نے دیگر بھی متعدد مشہور ڈراموں میں کام کیا۔
کم عمری میں ہی والد کی شفقت سے محروم ہونے والے محمود اختر نے بچپن انتہائی غربت میں گزارا اور ان کی والدہ نے تن تنہا ان کی پرورش کی۔
محمود اختر زائد العمری کے باوجود ابھی تک ٹی وی اسکرین پر دکھائی دیتے رہے اور انہوں نے متعدد نجی ٹی وی چینلز کے ڈراموں، سٹ کامز اور شوز میں بھی کام کیا۔
حال ہی میں ان کے ساتھ متعدد ڈراموں میں کام کرنے والے اداکار نبیل ظفر نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں محمود اختر اور تنویر جمال کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دونوں کی صحت یابی کے لیے مداحوں سے دعا کی اپیل بھی کی۔
نبیل ظفر نے دونوں سینیئر اداکاروں کی خرابی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے مداحوں کو گزارش کی کہ وہ دونوں کی صحت یابی کے لیے دعائیں کریں۔
انہوں نے محمود اختر کی صحت کے حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم ان کی پوسٹ پر متعدد مداحوں نے دعویٰ کیا کہ اداکار کینسر کا شکار ہوئے ہیں، لیکن ایسی خبروں کی کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔
ان سے قبل گزشتہ ہفتے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ تنویر جمال پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہوگئے اور انہیں شدید علیل ہونے پر جاپان کے ایک ہسپتال میں داخل کرادیا گیا۔
نبیل ظفر کی جانب سے تنویر جمال کے ہمراہ محمود اختر کی تصویر شیئر کیے جانے پر لوگوں نے سمجھا کہ شاید وہ بھی کینسر کا شکار ہو چکے ہیں، تاہم اس حوالے سے اداکار کے اہل خانہ یا قریبی دوستوں نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔
سال 2019 میں ’اے آر وائے‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں محمود اختر نے بتایا تھا کہ جب وہ محض 6 ماہ کے تھے، تب ان کے والد انتقال کر گئے تھے اور اس وقت ان کی والدہ 23 سال کی کم عمر اور خوبصورت لڑکی تھیں مگر ان کی وجہ سے انہوں نے دوسری شادی نہیں کی۔
اداکار نے بتایا تھا کہ ان کی والدہ نے ان کی بہتر پرورش اور تعلیم کے لیے اپنی زندگی قربان کردی اور والدہ نے ان سمیت ان کی اکلوتی بہن کی شاندار تربیت کی۔
محمود اختر نے بتایا تھا کہ بڑی مشکلوں نے والدہ نے انہیں تعلیم دلوائی اور جب انہوں نے شوبز میں قدم رکھا تو والدہ ان کا عروج دیکھ پر بہت خوش ہوئیں۔
محمود اختر نے یہ بھی بتایا تھا کہ والدہ کے انتقال کے دو سال کے اندر ان کی اکلوتی بہن بھی خالق حقیقی سے جا ملی تھیں اور وہ تنہا ہوگئے تھے۔
محمود اختر کی علالت کی خبر سامنے آتے ہی شوبز شخصیات سمیت مداحوں نے ان کی صحت یابی کے لے دعائیں کیں۔