• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بھارت: فوج میں بھرتی کے نئے نظام کےخلاف مظاہرے جاری، ٹرینیں نذر آتش

شائع June 17, 2022
بھارت میں مشتعل افراد نے مسافر ٹرینوں کو نذر آتش کردیا — فوٹو: اے ایف پی
بھارت میں مشتعل افراد نے مسافر ٹرینوں کو نذر آتش کردیا — فوٹو: اے ایف پی

بھارتی فوج میں بھرتیوں کے نئے نظام کے خلاف احتجاج کے دوسرے دن مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور مسافر ٹرینوں کو نذر آتش کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے اس ہفتے 13 لاکھ 80 ہزار مسلح افواج کے لیے بھرتی کے عمل کی نظر ثانی کا اعلان کیا جس کا مقصد اہلکاروں کی اوسط عمر کو کم کرنے کے لیے 4 سال کے مختصر مدے پر مزید اہلکاروں کو بھرتی کرنا ہے۔

تاہم ممکنہ طور پر بھرتی ہونے والوں میں سے متعدد امیدواروں نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ انہیں 4 سال سے زیادہ عرصے تک خدمات سرانجام دینے کی اجازت دی جائے۔

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

حکومت مخالف جماعتوں اور مودی کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کچھ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ نظام بے روزگاری سے دوچار ملک میں مزید بے روزگاری پیدا کرے گا۔

پولیس نے جمعرات کو شمالی بھارت کی ریاست ہریانا میں پتھر پھینکنے والے مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی۔

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

یہ بھی پڑھیں: بھارت: فوج میں بھرتیوں کے نئے نظام پر احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے

بھارتی پولیس کے مطابق مظاہرین جمعہ کو ایک بار پھر جمع ہوئے جنہوں نے مشرقی ریاست بہار میں کم از کم دو اسٹیشنوں پر ٹرین کی بوگیاں نذر آتش کر دیں اور ریلوے نظام کو متاثر کردیا۔

بہار سے ایک سینئر پولیس اہلکار سنجے سنگھ نے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ انہوں نے آج 10 مقامات پر ٹرینیں روک دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمعرات کو ریاست بھر میں ہونے والے مظاہروں میں 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

جنوبی شہر سکندر آباد میں بھی سیکڑوں مظاہرین پولیس پر پتھراؤ کے لیے جمع ہوئے۔

— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

پولیس اہلکار اے آر سری نواس نے کہا کہ مظاہرین نے سکندر آباد ریلوے اسٹیشن میں ملکیت کو بھی آگ لگا دی۔

بھارتی فوج میں نئی بھرتی کا نظام، جسے اگنی پتھ یا ہندی میں ’آگ کا راستہ‘ بھی کہا جاتا ہے، کے تحت ساڑھے 17 سے 21 سال کی عمر کے مرد اور خواتین کو غیر افسر کے عہدے پر 4 سالہ مدت کے لیے بھرتی کیا جائے گا جس میں سے 25 فیصد کو طویل مدت کے لیے برقرار رکھا جائے گا.

اس سے قبل آرمی، بحریہ اور فضائیہ نے بھی الگ الگ اہلکار بھرتی کیے ہیں جو عام طور پر 17 سال تک سب سے کم درجے کے لیے خدمات سرانجام دیتے ہیں۔

تاہم حکومت نے جمعہ کو فوج میں بھرتی کی زیادہ سے زیادہ عمر کے لیے 23 سال تک ایک بار کی توسیع کا بھی اعلان کیا ہے کیونکہ کورونا وبا کی وجہ سے گزشتہ دو برس سے فوج میں بھرتی رکی ہوئی تھی۔

بھارتی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 2022 کے لیے بھرتی کے لیے عمر میں ایک بار کی چھوٹ دی جائے گی۔

بھارتی مسلح افواج اس سال نئے نظام کے تحت تقریباً 46 ہزار افراد کو بھرتی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024