• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
شائع June 18, 2022

اوڈنسے ڈنمارک کا تیسرا بڑا شہر ہے اور کوپن ہیگن سے تقریباً سوا گھنٹے کی ڈرائیو پر ہے۔ کوپن ہیگن شی لینڈ جزیرے پر اور اوڈنسے فیون نامی جزیرے پر واقع ہے۔ دونوں جزیروں کو ملانے والے پُل کا نام اسٹوا بیلٹ ہے جسے آپ بڑا پُل کہہ سکتے ہیں۔

اسٹوا بیلٹ، لل بیلٹ اور اورسنڈ برج، یہ 3 پُل سویڈن اور ڈنمارک کو باقی یورپ سے ملانے کا ذریعہ بنے۔ اسٹوا بیلٹ اور اورسنڈ برج 1998ء اور 1999ء میں مکمل ہوئے اور ٹریفک کے لیے کھولے گئے۔ اس سے پہلے یہ سفر فیری کے ذریعے مکمل کیا جاتا تھا۔ 18 کلومیٹر لمبا یہ پُل سمندر کو پار کرنے کا ایک دلچسپ تجربہ ہے۔ اس پُل سے کچھ ہی فاصلے پر اوڈنسے نامی یہ شہر ہے جو میرے یورپ ٹور 2022ء کی پہلی منزل ہے۔ 1200 کلومیٹر سے زائد کا یہ سفر ہم نے بذریعہ کار شروع کیا۔

ہر شہر میں ہماری پہلی منزل اس کا ٹاؤن ہال ہوتی ہے۔ اوڈنسے ٹاؤن ہال کے پاس ہی ایک پارکنگ پلازہ میں گاڑی کھڑی کی اور ٹاؤن ہال کا رخ کیا۔ ہماری پارکنگ ایونچوا پارک سے متصل تھی۔ پارکنگ سے نکلتے ہی سڑک کے دوسرے کنارے ایک سوئمنگ پول ہے اور اس بلڈنگ کے باہر دیوار پر ائیوی نامی بیل نے دیوار کو سرسبز رکھا ہوا ہے۔ اس بیل پر خزاں کے رنگ اترنے کی کہانی بہت دلکش ہے، کھڑکیوں کو گھیرتی بیلیں دیکھ کر پروین شاکر کے ایک شعر نے دماغ کو گھیر لیا کہ

پیڑ کو دعا دے کر کٹ گئی بہاروں سے
پھول اتنے بڑھ آئے کھڑکیاں نہیں کھلتیں
ایونچوا پارک
ایونچوا پارک

بیلوں سے گہری ہوئی کھڑکی
بیلوں سے گہری ہوئی کھڑکی

اس تصویر کو دیکھ کر ہی پروین شاکر کے شعر کو سمجھا جاسکتا ہے۔ یہاں سے ٹاؤن ہال کی طرف رخ کریں تو سڑک کے ساتھ ساتھ سائیکل کے لیے الگ سے بنا ہوا راستہ آپ کو ڈنمارک میں ہونے کا پتا دیتا ہے۔ یہاں سائیکل والوں کا مرتبہ گاڑی والوں سے زیادہ ہے، ان کی جگہ پر اگر آپ چلیں گے تو لوگ آپ کو غصے سے بھی دیکھیں گے اور ہوسکتا کہ گھنٹی بجا کر احتجاج بھی کریں، جس کا کم از کم مطلب یہی ہے کہ پرے مر۔

سامنے ہی اوڈنسے کے ڈوم چرچ کی پُرشکوہ عمارت آپ کی ساری توجہ اپنی جانب مبذول کرواتی ہے۔ یہ جگہ ایک صدی پہلے سے ہی چرچ کے استعمال میں رہی لیکن وقت کے ساتھ عمارت کے انداز بدلتے رہے۔ چرچ کی موجودہ صورت 14ویں صدی میں بنائی گئی ہے جسے بعد میں برقرار رکھا گیا ہے۔

اس مختصر قیام میں ہمارا ارادہ کسی بھی عمارت کے اندر جانے کا نہیں تھا اس لیے اس کو دُور سے دیکھنے پر ہی اکتفا کیا۔ چرچ سے نظریں ہٹائیں تو سامنے ہی اوڈنسے کا ٹاؤن ہال ہے۔

یہاں سائیکل والوں کا مرتبہ گاڑی والوں سے زیادہ ہے
یہاں سائیکل والوں کا مرتبہ گاڑی والوں سے زیادہ ہے

اوڈنسے کا ڈوم چرچ
اوڈنسے کا ڈوم چرچ

ڈوم چرچ کی یہ عمارت 14ویں صدی میں تعمیر ہوئی
ڈوم چرچ کی یہ عمارت 14ویں صدی میں تعمیر ہوئی

اوڈنسے کا ٹاؤن ہال
اوڈنسے کا ٹاؤن ہال

یہ عمارت بھی 14ویں صدی میں خاصی چھوٹی تھی جسے 19ویں صدی میں توسیع دی گئی۔ آپ کو ان 2 عمارتوں کی تاریخ سے سمجھ لینا چاہیے کہ شہر کی تاریخ بہت پرانی ہے۔

اس شہر کو 4 ہزار سال بوڑھا بتایا جاتا ہے لیکن اس کا باقاعدہ کتابوں میں تذکرہ کم از کم ایک صدی پرانا ہے۔ 2، 3 عشرے پہلے شہر کے ایک ہزار سال مکمل ہونے کی تقریبات بھی یہاں منعقد کی گئی تھیں جس سے آپ ان در و دیوار کے پیچھے چھپی کہانیوں کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔

چرچ کے منظر سے چند قدم آگے ٹاؤن ہال کی طرف چلیں تو درمیان والی سڑک کے عین سنگم پر ایک اور چرچ کی عمارت آپ کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔ یہ کیتھولک چرچ ہے جو قریباً 100، سوا سو سال پہلے ہی تعمیر کیا گیا ہے۔ یہاں ٹاؤن ہال کے سامنے سے واکنگ اسٹریٹ کی طرف جانے والے راستے پر سڑک کی نشاندہی کرنے والے اشاروں پر ڈینش کے ساتھ ساتھ چینی زبان میں بھی راستوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ یہاں چینی سیاح خاصی تعداد میں آتے ہیں۔

ڈوم چرچ کے عقب میں موجود ایک اور چرچ
ڈوم چرچ کے عقب میں موجود ایک اور چرچ

اس چرچ کی عمارت کم و بیش 100 سال پرانی ہے
اس چرچ کی عمارت کم و بیش 100 سال پرانی ہے

سڑکوں پر نصب رہنما بورڈ جن پر چینی زبان بھی درج ہے
سڑکوں پر نصب رہنما بورڈ جن پر چینی زبان بھی درج ہے

اس شہر کی ایک بڑی وجہ شہرت ایچ سی اینڈرسن کی جائے پیدائش ہے۔ اس کا بچپن والا گھر اب ایک میوزیم کا درجہ حاصل کرچکا ہے اور اس کی کہانیوں سے بچپن کو طلسماتی بنانے والے لوگ اس لکھنے والے کو خراج تحسین پیش کرنے اس کے بچپن کے گھر تک چلے آتے ہیں۔ اسی لیے آپ کو کوپن ہیگن کی جل پری کے مجسمے سے لیکر اوڈنسے تک ایچ سی اینڈرسن کی تخلیقات کو سراہنے والے نظر آتے ہیں۔

واکنگ اسٹریٹ پر تھوڑا آگے آئیں تو وہی اسکینڈے نیویا کے جانے پہچانے برانڈ جو سبھی شہروں میں پائے جاتے ہیں۔ مئی کی اس دوپہر میں درجہ حرارت 17، 18 ڈگری اور دھوپ کا تڑکا تھا لہٰذا ورکنگ ڈے ہونے کے باوجود شہر کے بارز پر خاصا رش تھا۔ اس موسم کا اپنا نشہ سب مشروبات پر بھاری ہے، ایسی دوپہروں میں اسکینڈے نیویا کا سُکھ، سادگی اور حُسن دیکھنے والا ہوتا ہے۔

اوڈنسے کی واکنگ اسٹریٹ
اوڈنسے کی واکنگ اسٹریٹ

واکنگ اسٹریٹ سے ٹاؤن ہال کا منظر
واکنگ اسٹریٹ سے ٹاؤن ہال کا منظر

واکنگ اسٹریٹ کے بار اور کیفے
واکنگ اسٹریٹ کے بار اور کیفے

اسکینڈے نیویا کے لوگ دیگر یورپ کے مقابلے میں تھوڑے درویش منش ہیں، اپنے کام سے کام رکھنے والے، شوخ رنگوں کے بجائے سوبر انداز کے رنگوں میں سنورنے والے اور زندگی کو اپنے نرالے ڈھنگ میں جینے والے ہیں۔ یہاں بینک کی دولت کسی کے مرتبے کا فیصلہ نہیں کرتی۔ آپ ان کے سامنے اجنبی بن کر دیکھیں تو یہ آپ کو مہربان بن کر ہی ملیں گے۔

واکنگ اسٹریٹ کی گلیوں سے گھومتے ہوئے اور اوڈنسے کے تھیٹر کی طرف سے جاتے ہوئے ہم سینٹرل اسٹیشن تک گئے۔ یہاں ابھی تک ٹرام کے کچھ کنیکش موجود ہیں وگرنہ کوپن ہیگن میں ٹرام کی جگہ میٹرو لے چکی ہے۔ اسٹیشن کے سامنے پارک میں لوگ دھوپ اور خوبصورت موسم منانے نکلے ہوئے ہیں۔ بس ایسے ہی لوگوں کی مسکراہٹوں کو دیکھتے اور عمارتوں کی اونچائیاں ناپتے ہم نے واپسی کی راہ لی۔

اوڈنسے تھیٹر
اوڈنسے تھیٹر

سی ایچ اینڈرسن کا مجسمہ
سی ایچ اینڈرسن کا مجسمہ

سینٹرل اسٹیشن میں اب بھی ٹرام کے کچھ کنیکشن موجود ہیں
سینٹرل اسٹیشن میں اب بھی ٹرام کے کچھ کنیکشن موجود ہیں

اسٹیشن کے سامنے پارک میں لوگ دھوپ منانے نکلے ہوئے تھے
اسٹیشن کے سامنے پارک میں لوگ دھوپ منانے نکلے ہوئے تھے

ایچ سی اینڈرسن کی یادگار سے ملے بغیر آوڈنسے کا سفر ادھورا ہی سمجھیے۔ ٹاؤن ہال کے ساتھ والے ڈوم چرچ کے پیچھے پارک میں ایچ سی اینڈرسن کا ایک مجسمہ نصب کیا گیا ہے۔ اس کو الوداعی خراج عقیدت پیش کیا اور اسی پارک کے راستے پارکنگ تک چلے آئے۔ یوں راستے سے گزرتے گزرتے ہم نے اس شہر کو ایک آنکھ سے دیکھا لیکن جی بھر کر نہیں دیکھا، ویسے بھی

حُسن کے سمجھنے کو عمر چاہیے جاناں۔ ۔ ۔

رمضان رفیق دنیا سیاحت کے خواہشمند ہیں اور اسی آرزو کی تکمیل کے لیے آج کل مالمو، سویڈن میں رہائش پذیر ہیں۔

انہیں فیس بُک پر فالو کریں: ramzanblog.انہیں یوٹیوب پر سبسکرائب کریں Aazadtv.

رمضان رفیق

رمضان رفیق دنیا گھومنے کے خواہشمند ہیں اور اسی آرزو کی تکمیل کے لیے آج کل مالمو، سویڈن میں رہائش پذیر ہیں۔

انہیں فیس بُک پر فالو کریں: ramzanblog.انہیں یوٹیوب پر سبسکرائب کریں Aazadtv.

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (12) بند ہیں

haroon Jun 18, 2022 05:19pm
its good
نجیب خان Jun 18, 2022 06:06pm
اچھی باے ہے کہ زبان عام فہم اور سادہ ہے
نجیب خان Jun 18, 2022 06:07pm
اچھی بات ہے کہ زبان عام فہم اور سادہ ہے۔
Inayat Khan Jun 18, 2022 07:20pm
کیا ھی سٹوری شیئر کی ھے پاکستان میں بیٹھ کر ڈنمارک کی سیر کے مزے لے لیے ۔امید ھے آ نھدہ بھی اس طرح کے ولاگ سے مستفید فرمائیں گے،
YaminGamin Jun 19, 2022 07:19am
Sir Ayse Kiya Khoobiyan Hain Jo Europe Ko Itna Dil Khass Banati Hain.?
Mumtaz Ahmed Shah Jun 19, 2022 08:45am
An excellent presentation and introduction of sweden by learned mr Rafique sahib.( Texas)
Kamran Khan Jun 19, 2022 09:30pm
Nice Keep it up. Nice information
Kamran Khan Jun 19, 2022 09:30pm
Nice Article .Keep it up.
Tariq Mahmood Jun 20, 2022 03:31pm
Nothing to say Pictures says self
Rana Jun 21, 2022 09:31am
Please add more photos whenever you describe. Since there are only three which are not enough. It should be at least 6 or 7.
Sajid Haider Jun 21, 2022 12:20pm
بہت اچھا مضمون ہے۔
Rais Jun 21, 2022 12:59pm
Babar Ba Aish Kosh Kay Aalam Dobara Neest