• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

برٹنی اسپیئرز تیسری بار رشتہ ازدواج میں منسلک

شائع June 11, 2022
ایرانی نژاد صام اصغری سے انہوں نے ستمبر میں منگنی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
ایرانی نژاد صام اصغری سے انہوں نے ستمبر میں منگنی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

گزشتہ ماہ نومبر میں بعض پیچیدگیوں کے باعث حمل کھونے والی امریکی پاپ اسٹار و اداکارہ 40 سالہ برٹنی اسپیئرز تیسری بار رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں۔

برٹنی اسپیئرز نے پہلی شادی 2004 میں اپنے بچپن کے دوست جیسن ایلن الیگزینڈر سے شادی کی تھی مگر بدقسمتی سے اسی سال دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

بعد ازاں برٹنی اسپیئرز نے گلوکار کیون فیڈرلائن سے 2004 کے آخر یں شادی کی، جن سے 2007 میں ان کی طلاق ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: برٹنی اسپیئرز کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع

برٹنی اسپیئرز کو دوسرے شوہر سے دو بچے بھی ہیں اور ان کی حوالگی نہ ملنے سمیت دیگر قانونی مسائل اور پیچیدگیوں کی وجہ سے گلوکارہ 2008 میں ذہنی توازن کھو بیٹھی تھیں، جس وجہ سے ان کے والد کو عدالت نے ان کا قانونی سرپرست مقرر کیا تھا۔

گلوکارہ نے 13 ستمبر 2021 کو منگنی کی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر
گلوکارہ نے 13 ستمبر 2021 کو منگنی کی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر

برٹنی اسپیئرز والد سمیت دیگر افراد کی ’سرپرستی‘ میں تقریبا 14 سال رہیں اور گزشتہ برس 12 نومبر کو امریکی عدالت نے ان کی ’سرپرستی‘ ختم کی تھی۔

سرپرستی ختم ہونے سے قبل ہی ستمبر 2019 میں برٹنی اسپیئرز نے اپنے دیرینہ دوست اور فٹنیس ٹرینر ایرانی نژاد امریکی شخص صام اصغری سے منگنی کرلی تھی۔

مزید پڑھیں: برٹنی اسپیئرز حمل ضائع ہوجانے پر افسردہ

منگنی کے بعد رواں برس اپریل میں برٹنی اسپیئرز نے تصدیق کی تھی کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے مگر گزشتہ ماہ مئی میں انہوں نے بتایا کہ بعض پیچیدگیوں کے باعث ان کا حمل ضائع ہوگیا۔

اب انہوں نے تصدیق کردی کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے 6 جون کو صام اصغری کے ہمراہ مسیحی روایات کے مطابق شادی کرلی۔

برٹنی اسپیئرز نے انسٹاگرام پر جذباتی پوسٹ لکھتے ہوئے بتایا کہ انہیں یقین نہیں تھا کہ ان کی شادی میں اتنے قریبی لوگ شرکت کرکے ان کے دن کو یادگار بنادیں گے۔

انہوں نے شادی میں شرکت کرنے پر پاپ اسٹار میڈونا، گلوکار سلینا گومز اور ماڈل پیرس ہلٹن سمیت دیگر شخصیات کا شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے صام اصغری سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ان سے شادی کرنے کو پریوں کی داستان سے تشبیح دی۔

برٹنی اسپیئرز نے شادی کی رسومات کی ایک مختصر ویڈیو بھی شیئر کی،جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی 6 جون کو ہوئی تھی۔

دوسری جانب ’بل بورڈز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ برٹنی اسپیئرز کی تیسری شادی پر ان کے پہلے شوہر اور بچپن کے دوست جیسن ایلن الیگزینڈر آگئے اور ان کی شادی کی رسومات میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی، جس پر انہیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

جیسن ایلن الیگزینڈر نے برٹنی اسپیئرز کی تیسری شادی کی تقریبات میں بن بلائے ہی شرکت کی اور وہاں موجود مہمانوں کے درمیان انہوں نے چلانا شروع کیا کہ برٹنی اسپیئرز ان کی ہی بیوی ہیں اور وہ ان کے واحد اور پہلے شوہر ہیں، جس کے بعد گلوکارہ کی ٹیم نے پولیس کو بلایا، جس نے جیسن ایلن الیگزینڈر کو گرفتار کرلیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024